شمعون عباسی کا ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کی کہانی کے بارے میں حیران کن انکشاف
اداکار، لکھاری، ہدایت کار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ہارر اور کامیڈی ڈرامے ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کے بارے میں حیران کن انکشاف کردیا۔
اب تک اس ڈرامے کی چھ اقساط نشر ہوچکی ہیں اور ڈراما اپنی منفرد کہانی کی وجہ سے ناظرین میں خاصی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔
شمعون عباسی نے فیس بک پر کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا کہ اس ڈرامے کی کہانی اور عنوان اصل میں ان کا ہی تخلیق کردہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاش تخلیق کاروں کے پاس شائستگی ہوتی کہ وہ کم از کم اسکرین پلے کے لکھاری کے طور پر ان کا ذکر کرتے، جس پر انہوں نے چار مہینے محنت کی۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ انہوں نے اپنی کہانی کسی اور شخص کو سنائی، جس نے اسے تحریری شکل دی اور پوری ٹیم اس بات سے واقف تھی، ابتدائی طور پر وہ خود ڈرامے کی ہدایت کاری کرنا چاہتے تھے، لیکن بعد میں سیفی حسن کو یہ موقع ملا، جنہوں نے اس کی ہدایت کاری شاندار انداز میں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا نام اسکرپٹ کی کاپیوں پر بھی لکھا ہوا تھا جو اداکاروں کو دی گئی تھیں، لیکن ڈرامے کی نشریات کے وقت ان کا نام بطور لکھاری شامل نہیں کیا گیا اور انہیں کوئی کریڈٹ نہیں ملا، اس کے باوجود وہ خوش ہیں کہ ان کے خیال اور تصور کو ناظرین نے پسند کیا۔
شمعون عباسی نے اس تجربے سے سبق حاصل کیا کہ کبھی اپنی محنت بغیر منصوبہ بندی کے کسی کو سپرد نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا منصوبہ ڈرامے کی ہدایت کاری کرنا تھا اور انہوں نے ایک اچھے ارادے کے تحت ایک لکھاری کی مدد سے کہانی شروع سے تیار کروائی، ورنہ وہ خود لکھاری ہیں اور اپنے کیریئر کے آغاز سے یہ کام کرتے آئے ہیں۔
آخر میں شمعون عباسی نے واضح کیا کہ یہ پوسٹ کسی لڑائی یا چیلنج کے لیے نہیں بلکہ صرف آگاہی کے مقصد سے کی گئی ہے، لیکن اگر ایسا کیا گیا تو ان کے پاس سارے ثبوت موجود ہیں، تاہم وہ خوش ہیں کہ اس پروجیکٹ نے ڈراما انڈسٹری میں تازگی اور تبدیلی کی کوشش کی، جو آج کل کے بیزار کن ڈراموں کے ماحول میں نیا رنگ لے کر آیا ہے۔