لائف اسٹائل

میڈیا میرے خلاف الزامات لگانے والی لڑکیوں کو اہمیت دیتا ہے، رجب بٹ

مجھ پر الزام لگانے والی لڑکیوں کی کوئی اہمیت نہیں، انہیں پوڈکاسٹرز والے فالتو کی اہمیت دے کر انہیں بڑا بنا کر پیش کرتے ہیں، یوٹیوبر

معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے کہا ہے کہ پوڈکاسٹرز اور میڈیا ان پر الزامات لگانے والی لڑکیوں کو اہمیت دے رہا ہے، جس وجہ سے لڑکیاں سرعام ان کے خلاف الزام تراشی کر رہے ہیں، لڑکیوں کے دعووں میں کوئی سچائی نہیں۔

رجب بٹ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں دیگر معاملات کی طرح خود پر لڑکیوں کی جانب سے جنسی ہراسانی، رومانوی تعلقات اور شادی کے وعدوں کے کیے جانے والے دعووں پر بھی بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان پر الزام لگانے والی لڑکیوں کی کوئی اہمیت نہیں، انہیں پوڈکاسٹرز والے فالتو کی اہمیت دے کر انہیں بڑا بنا کر پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوڈکاسٹرز کو چاہیے کہ وہ ایسی الزام لگانے والی لڑکیوں کے بجائے ملک میں اچھے کام کرنے والی شخصیات کے انٹرویوز کیا کریں۔

یوٹیوبر نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ان کے حوالے سے دعوے کرنے والی لڑکیوں سے پوچھا جائے کہ اگر انہیں رجب بٹ نے اتنے مہنگے تحائف دیے ہیں تو ان کے ثبوت کہاں ہیں؟

رجب بٹ کے مطابق ایسی الزام لگانے والی لڑکیوں کا یہی کام ہوتا ہے، ایسی لڑکیوں کو وہ نہیں تو کوئی اور ایسے تحائف دے دیگا۔

انہوں نے کہا کہ ان پر الزام لگانے والی لڑکیوں کو ابتدائی طور پر پوڈکاسٹرز بلاتے ہیں، جس کے بعد میڈیا انہیں اہمیت دیتا ہے، ورنہ ان کی کوئی اہمیت نہیں۔

یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ پوڈکاسٹس میں جانا، انٹرویو دینا ان کی عادت نہیں اور اگر پوڈکاسٹرز ان کا بجٹ برداشت نہیں کر سکتے تو وہ دوسرے اچھے افراد کے انٹرویوز کیا کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے رجب بٹ کے خلاف متعدد ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر لڑکیاں جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرتی آ رہی ہیں۔

فاطمہ خان ٹک ٹاکر نے ان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے یوٹیوبر پر ریپ کے الزامات بھی عائد کیے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ رجب بٹ نے ان سے شادی کے وعدے کیے تھے، انہوں نے انہیں مہنگی گاڑی سمیت دیگر تحائف بھی دیے۔