لائف اسٹائل

پاکستانی ہارر فلم ’دیمک‘ کو دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان

دیمک کو جون میں ملک میں ریلیز کیا گیا تھا، ہارر فلم نے پاکستان میں ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے 18 کروڑ روپے کمائے تھے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر جون 2025 میں ملک میں ریلیز کی جانے والی ہارر فلم ’دیمک‘ کو مقامی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بعد آئندہ ماہ دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق ’دیمک‘ کو شاندار کہانی، مناظر اور فلم نگاری کی وجہ سے اکتوبر میں یورپ، امریکا اور مشرق وسطی ممالک میں ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کو ابتدائی طور پر برطانیہ، امریکا، کینیڈا اور متعدد دیگر یورپی ممالک میں ریلیز کیا جائے گا، جس کے بعد ترتیب وار اسے خلیجی اور مشرق وسطی ممالک میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

’دیمک‘ کو 17 اکتوبر کو امریکا اور یورپ جب کہ 23 اکتوبر کو خلیجی اور مسرق وسطی ممالک میں ریلیز کردیا جائے گا۔

ہارر فلم نے پاکستان میں ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے 18 کروڑ روپے کے لگ بھگ کمائی کی تھی، یہ پاکستان میں کسی بھی مقامی ہارر فلم کی سب سے زیادہ کمائی تھی۔

رافع راشدی کی ہدایت کاری اور عائشہ مظفر کی تحریر کردہ اس فلم کی کہانی ساس اور بہو کے درمیان کشیدہ تعلقات کے گرد گھومتی ہے، جس کا پس منظر ایک گھر میں بڑھتی ہوئی پراسرار اور ماورائی سرگرمیوں پر مبنی ہے۔

فلم کی میگا کاسٹ میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمن انصاری سمیت دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔

کہانی ایک ایسے خاندان پر مبنی ہے جن کے گھر میں رفتہ رفتہ خوفناک اور پراسرار ماورائی سرگرمیاں بڑھنے لگتی ہیں، جیسے جیسے یہ واقعات شدت اختیار کرتے ہیں، ساس اور بہو کے تعلقات مزید کشیدہ ہوتے جاتے ہیں، جب کہ بیٹا اُن دونوں کے درمیان الجھ کر رہ جاتا ہے۔

فلم کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی، جس کے بعد اب سے دنیا کے متعدد ممالک میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔