لائف اسٹائل

پہلی ہی فلم کے دوران ہراسانی کا شکار بنی، ساتھی اداکار بوسہ لیتا رہا، ریکھا

ریکھا نے 1969 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس وقت ان کی عمر 18 سال سے بھی کم تھی۔

ماضی کی مقبول اور خوبرو ترین بولی وڈ اداکارہ ریکھا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی ہی فلم میں ساتھی اداکار پوری ٹیم کے سامنے انہیں پانچ منٹ بوسہ دیتے رہے۔

ریکھا نے 1969 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس وقت ان کی عمر 18 سال سے بھی کم تھی۔

شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ لائف‘ کے مطابق اداکارہ ریکھا نے اپنی بائیوگرافی میں شوبز کیریئر سے متعلق بھی کئی حیران کن انکشافات کیے، جس میں سے انہوں نے اپنے ساتھ پہلی فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے کا ذکر بھی کیا۔

اداکارہ نے اپنی بائیوگرافی میں لکھا کہ ان کی پہلی فلم بنگالی اداکار بسواجیت چٹرجی کے ساتھ تھی، اس وقت ان کی عمر 18 سال سے بھی کم تھی جب کہ ہیرو 32 سال کے تھے۔

ریکھا کے مطابق ’دو شکاری‘ فلم کی شوٹنگ کے وقت انہیں ہیرو کے ساتھ بوسے کے رومانوی منظر سے متعلق پہلے نہیں بتایا گیا تھا، ان کے سیٹ پر پہنچنے کے بعد انہیں منظر شوٹ کروانے کا کہا گیا۔

اداکارہ نے لکھا ہے کہ چوں کہ وہ ان کی پہلی فلم تھی اور یہ کہ وہ کم عمر بھی تھیں، اس لیے وہ معاملات کو سمجھ نہ پائیں اور ایک منظر شوٹ کروانے کے بہانے اداکار پانچ منٹ تک ان کا بوسہ لیتے رہے۔

ریکھا نے دعویٰ کیا ہے کہ بسواجیت چٹرجی کی جانب سے انہیں بوسہ دینے کے مںظر کو سب لوگ دیکھتے رہے لیکن کسی نے بھی انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی، کوئی بھی ان کی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔

اداکارہ کے مطابق ساتھی اداکار نے اپنی مرضی سے انہیں بوسہ دینا بند کیا لیکن تب تک وہ شدید ذہنی الجھن کا شکار ہو چکی تھیں، وہ شوٹنگ سیٹ پر بے حال ہوگئیں لیکن اس باوجود کسی نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔

ریکھا کی جانب سے اپنی پہلی ہی فلم کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا انکشاف سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں نے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔