دنیا

مریض کے پیٹ سے 29 چمچ، 19 ٹوتھ برش اور 2 پین نکال لیے گئے

سال 2022 میں مظفرنگر میں بھی ایک شخص کے پیٹ سے 63 چمچ نکالے گئے تھے اور وہ بھی نشے کا عادی تھا۔

بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں ڈاکٹرز نے طویل جدوجہد کے بعد کامیابی سے ایک مریض کے پیٹ سے 29 اسٹیل کے چمچ، 19 ٹوتھ برش اور دو پین کامیابی سے نکال لیے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں ڈاکٹروں نے مریض کا آپریشن کرکے ان کے پیٹ سے بھاری مقدار کی بڑی نوکدار چیزیں نکالیں۔

مریض کی شناخت 35 سالہ سچن کے نام سے ہوئی جو اسی ریاست کے شہر ہاپوڑ کا رہائشی تھا، جسے اس کے خاندان نے نشے کے علاج کے لیے بحالی مرکز بھیجا تھا۔

متاثرہ شخص نے ڈاکٹرز کو بتایا کہ انہوں نے غصے میں آکر چمچ، ٹوتھ برش اور پین کھا لیے تھے۔

متاثرہ شخص سچن نے بتایا کہ بحالی مرکز میں انہیں انتہائی کم کھانا دیا جاتا تھا، جس سے وہ ناراض تھے، انہیں بہت کم سبزیاں اور چند روٹیاں دی جاتی تھیں جب کہ گھر سے آنے والا کھانا بھی انہیں اکثر نہیں ملتا تھا۔

ان کے مطابق کم کھانا ملنے اور بھوک ختم نہ ہونے پر وہ غصے میں آکر چمچ چوری کرکے باتھ روم میں جا کر انہیں توڑتے اور پھر پانی کے ساتھ انہیں نگل لیتے تھے۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ سچن کو شدید پیٹ درد کے ساتھ ہسپتال لایا گیا تھا، الٹراساؤنڈ سے پیٹ میں غیر معمولی اشیا نظر آئیں، ایکس رے اور سی ٹی اسکین سے پتہ چلا کہ اس کے پیٹ میں چمچ، ٹوتھ برش اور قلم موجود ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق پہلے اینڈو اسکوپی سے اشیا نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن زیادہ مقدار کی وجہ سے یہ ناکام رہی، جس کے بعد سرجری کے ذریعے یہ اشیا نکالی گئیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق ایسی بھاری اور نوکدار چیزوں کو کھانے کی عادت اکثر دماغی مسائل والے لوگوں میں دیکھی جاتی ہیں۔

بھارت میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، 2022 میں اترپردیش کے ہی شہر مظفرنگر میں ایک شخص کے پیٹ سے 63 چمچ نکالے گئے تھے اور وہ بھی نشے کا عادی تھا۔

اسی طرح سال 2019 میں ہماچل پردیش کے شہر مندی میں ایک شخص کے پیٹ سے چمچ، اسکرو، ٹوتھ برش، چاقو اور دروازے کی چٹخنی نکالی گئی تھی اور وہ شیزوفرینیا کا مریض تھا۔