بھارت: تمل اداکار و سیاستدان وجے کے جلسے میں بھگدڑ، 29 ہلاک، 50 زخمی
بھارت میں تمل اداکار و سیاستدان وجے کے جلسے میں بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک اور کم از کم 50 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارتی روزنامے دی ہندو نے ریاست تمل ناڈو کے وزیر صحت ایم اے سبرامنین کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اداکار و سیاستدان وجے کے جلسے میں بھگڈر مچ گئی، جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق قریبی ضلع تروچی سے 24 اور سیلم کے 20 ڈاکٹروں کو بھیجا گیا، جہاں جلسہ منعقد ہوا تھا۔
تاہم، ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہے۔
رائٹرز نے کہا کہ وہ فوری طور پر وزارت صحت کے حکام سے رابطہ نہیں کر سکے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے اوائل میں بھی شمالی بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے ایک مقبول ہندو مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
یہ واقعہ ہندوؤں کے مقدس شہر ہری دوار میں گنگا کے کنارے مانسا دیوی مندر جانے والی سیڑھیوں پر پیش آیا تھا، جس میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔