لائف اسٹائل

آج کل کی لڑکیوں کو ’شوگر ڈیڈی‘ کی عادت ہے، گووندا کو پکڑا تو خیر نہیں ہوگی، سنیتا آہوجا

گووندا کے افیئرز کے بارے میں سنتی اور پڑھتی رہتی پوں لیکن میں نے کبھی آنکھوں سے کچھ نہیں دیکھا، اہلیہ

بولی وڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے پہلی بار شوہر کے دوسری لڑکیوں و اداکاراؤں سے مبینہ افیئرز پر کھل کر بات کرتےہوئے کہا ہے کہ آج کل کی لڑکیوں کو ’شوگر ڈیڈی‘ کی عادت پڑ چکی ہے لیکن اگر انہوں نے شوہر کو کبھی پکڑا تو خیر نہیں ہوگی۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق سنیتا آہوجا نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں شوہر کے افیئرز کی افواہوں پر کھل کر گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی گووندا کے افیئرز کے بارے میں سنتی اور پڑھتی رہتی ہیں لیکن انہوں نے کبھی آنکھوں سے کچھ نہیں دیکھا۔

سنیتا آہوجا کے مطابق گووندا کے خاندان میں کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ وہ دونوں ساتھ رہیں، اس لیے بھی بعض لوگ ان کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر کے خاندان کے کچھ لوگ ہماری خوشحال فیملی کو دیکھنا نہیں چاہتے کیونکہ ان کے خاندان کے زیادہ تر مردوں کی اپنی بیویاں اور بچے مر چکے ہیں۔

اداکارہ کی اہلیہ نے یہ کہا کہ گووندا اچھے لوگوں کے ساتھ نہیں رہتے اور برے لوگوں کی صحبت میں برے بن جاتے ہیں، تاہم انہوں نے ان کے برے دوستوں کے نام نہیں لیے۔

سنیتا آہوجا نے بتایا کہ ان کا کوئی حلقہ احباب نہیں، ان کے بچے ہی ان کے دوست ہیں۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ اور گووندا گزشتہ 15 سال سے الگ رہ رہے ہیں لیکن گووندا گھر آتے جاتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو اچھی عورت کو دکھ دے گا، وہ کبھی خوش نہیں رہے گا، انہوں نے اپنی پوری زندگی گووندا کو دی اور آج بھی ان سے بہت پیار کرتی ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ شوہر سے 100 فیصد ناراض ہیں کیونکہ وہ بھی ان کے افیئرز کی افواہیں سن رہی ہیں لیکن وہ مضبوط ہیں کیونکہ ان کے بچے ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کسی لڑکی یا اداکارہ کا نام لیے بغیر کہا کہ آج کل کی لڑکیوں کو ’شوگر ڈیڈی‘ کی عادت پڑ چکی ہے، وہ زائد العمر افراد سے تعلقات رکھ کر اپنے کام نکلوانا اور کرنا چاہتی ہیں۔

خیال رہے کہ ’شوگر ڈیڈی‘ کی اصطلاح ایسے زائد العمر مرد حضرات کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو پیسوں کے عوض خود سے نصف عمر یا اس سے بھی کم عمر لڑکیوں کے ساتھ رومانوی تعلقات استوار کرتے ہیں۔

اسی طرح زائد العمر خواتین کی جانب سے خود سے نصف عمر لڑکوں کے ساتھ پیسوں کے عوض تعلقات استوار کرنے والی خواتین کو ’شوگر ممی‘ کہا جاتا ہے۔

’شوگر ڈیڈی یا شوگر ممی‘ عام طور پر کم عمر افراد کو تعلقات نبھانے کے لیے پیسے بھی دیتے ہیں۔

گووندا اور ان کی اہلیہ کے درمیان گزشتہ دو سال سے اختلافات، علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ہیں، تاہم دونوں نے متعدد بار ایسی افواہوں کو جھوٹا قرار دیا ہے۔