ایما واٹسن کو معاف نہیں کروں گی، ان کی وجہ سے سنگین دھمکیاں ملیں، جے کے رولنگ
معروف لکھاری جے کے رولنگ نے کہا ہے کہ وہ برطانوی اداکارہ ایما واٹسن اور ریڈ کلف کو اپنے خلاف دیے گئے بیانات پر کبھی معاف نہیں کریں گی، ان کے بیانات کے بعد انہیں سنگین دھمکیاں بھی ملیں۔
برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق جے کے رولنگ نے حال ہی میں ایما واٹسن کی جانب سے اپنے لیے دیے گئے بیانات پر رد عمل دیا۔
ایما واٹسن نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ٹرانسجینڈرز حقوق پر جے کے رولنگ سے اختلاف کے باوجود ان سے محبت کرتی ہیں اور وہ ان کا احترام کرتی رہیں گی۔
جے کے رولنگ نے اداکارہ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایما واٹسن نہیں جانتی کہ وہ کتنی ناسمجھ ہے۔
جے کے رولنگ کے مطابق ایما واٹسن اور ان کے ساتھی اداکاروں جیسا کہ ڈینئل ریڈ کلف کو اپنے خیالات رکھنے کا حق ہے لیکن انہوں نے ان کے خیالات کو عوامی طور پر تنقید کا نشانہ بنایا، جس وجہ سے ان کے لیے مشکلات پید اہوئیں۔
ایما واٹسن نے 2020 میں رولنگ کے خواتین کے لیے الگ جگہوں کی ضرورت کے مضمون کے جواب میں ٹوئٹ کیا تھا کہ ’ٹرانس جینڈر لوگ وہی ہیں جو وہ کہتے ہیں اور انہیں اپنی زندگی جینے کا حق ہے۔
جے کے رولنگ نے اس وقت کہا تھا کہ ماضی میں خاتون، عورت یا زنانہ صرف اس فرد کو کہا جاتا تھا جسے ماہواری آتی تھی لیکن اب ٹرانس جینڈرز کو بھی کہا جاتا ہے، کوئی انہیں بتائے کہ ایسا کیوں ہے؟
جے کے ولنگ نے اب دوبارہ ایما واٹسن کی جانب سے بیان دینے کے بعد کہا کہ وہ اداکارہ کے خیالات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتی رہی ہیں تاکہ ایما واٹسن کو ہراساں نہ کیا جائے۔
جے کے کے مطابق 2022 میں ایما واٹسن کی طرف سے ان کے خلاف ایک مختصر بیان کے بعد انہیں دھمکیاں ملیں، ان کے بیان نے ان کے خلاف نفرت انگیز جذبات کو مزید بھڑکایا۔
جے کے رولنگ نے مزید کہا کہ ایما واٹسن دولت اور شہرت کے ساتھ پلی ہیں، انہیں حقیقی زندگی کا تجربہ نہیں۔
ناول نگار نے کہا کہ انہوں نے خود غربت میں زندگی گزاری جب کہ انہوں نے ہی ایما واٹسن کو مشہور کیا لیکن بد قسمتی سے ایما واٹسن نے خواتین کے حقوق کو بھی نقصان پہنچانے والی تحریک کی حمایت کی۔
جے کے رولنگ نے یہ بھی کہا کہ وہ واٹسن اور ریڈکلف کو ان کے خیالات کی وجہ سے معاف کرنے کو تیار نہیں۔