75 سالہ بزرگ شخص کی 35 سالہ خاتون سے شادی کے اگلے دن پراسرار موت
بھارت میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں 75 سالہ بزرگ شخص کی 35 سالہ خاتون سے شادی کی اگلی صبح اچانک پراسرار موت واقع ہوگئی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور کے کچھمچھ گاؤں میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں 75 سالہ کسان سنگرو رام نے 35 سالہ خاتون منبھاوتی سے شادی کی اور اگلی صبح اچانک انتقال کر گئے۔
سنگرو رام کی پہلی اہلیہ ایک سال قبل وفات پا چکی تھی اور طویل تنہائی کے بعد انہوں نے منبھاوتی سے دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔
گاؤں کے لوگ عمر کے لحاظ سے شادی سے منع کرتے رہے، مگر وہ اپنے فیصلے پر قائم رہے اور عدالت کے ذریعے شادی کے بعد مندر میں سادہ تقریب کے ذریعے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
35 سالہ منبھاوتی کی بھی یہ دوسری شادی تھی اور پہلی شادی سے اس کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہیں۔
منبھاوتی کے مطابق شادی سے قبل سنگرو رام نے یقین دلایا تھا کہ وہ نہ صرف ان کا خیال رکھیں گے بلکہ بچوں کی بھی دیکھ بھال کریں گے۔
تاہم، اگلی صبح سنگرو رام کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی، اہل خانہ نے انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے پہنچنے سے قبل ہی موت کی تصدیق کر دی۔
سنگرو رام کے اہل خانہ نے واقعے پر گہرے شکوک کا اظہار کیا اور اسے مشتبہ قرار دیتے ہوئے پولیس میں رپورٹ درج کرائی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ کسی ممکنہ سازش یا مجرمانہ فعل کا پتا چل سکے۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھیج دیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ محض ایک طبعی موت تھی یا اس کے پیچھے کوئی گہری سازش موجود ہے۔