لائف اسٹائل

الزامات لگانے پر کمار سانو نے سابق اہلیہ کو نوٹس بھجوادیا

ریتا بھٹا چاریہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کمار سانو اور ان کے اہل خانہ نے انہیں نہ صرف ذہنی بلکہ جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا، دوران حمل انہیں غذا تک نہ دی جاتی تھی۔

بولی وڈ کے مشہور پلے بیک بیک سنگر کمار سانو نے سنگین الزامات لگانے پر سابق اہلیہ ریتا بھٹا چاریہ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق کمار سانو نے اپنی خاتون وکیل ثنا رئیس خان کے ذریعے گلوکارہ کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

گلوکار کی جانب سے سابق اہلیہ کو بھجوائے گئے نوٹس میں انہیں بے بنیاد بیانات دینے اور الزامات لگانے سے روکا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمار سانو کی وکیل نے گلوکار کی سابق اہلیہ کو نوٹس بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 40 سال سے زائد عرصے تک کمار سانو نے اپنی محنت اور موسیقی سے لاکھوں لوگوں کو خوشی دی اور عزت کمائی۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے الزامات سے فنکار کی عزت کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا، کسی کو بھی اس طرح کی بے بنیاد باتیں کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے،

گلوکار کی وکیل نے کہا کہ وہ قانون کے ذریعے کمار سانو کی عزت اور خاندانی وقار کے تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔

انہوں نے ریتا بھٹا چاریہ کو بھجوائے گئے نوٹس سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی کہ انہوں نے نوٹس میں کیا مطالبہ کیا ہے؟

اس سے قبل ریتا بھٹا چاریہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کمار سانو اور ان کے اہل خانہ نے انہیں نہ صرف ذہنی بلکہ جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا جب کہ دوران حمل انہیں غذا تک نہیں دی جاتی تھی۔

انہوں نے الزام عائد کیا تھاکہ گلوکار نے ان کے بچوں کو دودھ اور طبی سہولیات سے محروم رکھا، یہ بھی دعویٰ کیا کہ طلاق کے وقت انہیں صرف 100 روپے ملے اور انہیں اپنے زیورات بیچنے پڑے تاکہ وہ زندہ رہ سکیں۔

ریتا بھٹا چاریہ اور کمار سانو نے 1980 کی دہائی کے آخر میں خاندان کی رضامندی کے بغیر ہی پسند کی شادی کی تھی، بعد میں دونوں خاندانوں نے ان کی شادی کو قبول کرلیا تھا۔

دونوں کو تین تین بچے ہیں اور ان کے درمیان 1994 میں طلاق ہو گئی، جس کے کئی سال بعد اب پہلی بار ریتا بھٹا چاریہ نے سابق شوہر کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

شادی کے دوران ہی کمار سانو پر اداکارہ کنیکا سدانند کے ساتھ افیئر کا الزام بھی لگا، کنیکا نے ’بگ باس 19‘ میں تصدیق کی کہ ان کا ایک شادی شدہ شخص کے ساتھ 6 سال تک افیئر رہا لیکن انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔