انڈسٹری میں رنگت اور وزن کی بنیاد پر دباؤ کا سامنا کیا، رومیسہ خان
ٹک ٹاکر و اداکارہ رومیسہ خان نے بتایا کہ انہیں ڈراما انڈسٹری میں قدم رکھتے ہی انہیں رنگت اور وزن کی بنیاد پر دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
رومیسہ خان نے حال ہی میں یوٹیوب پروگرام ’سمتھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی ذاتی تجربات کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ٹک ٹاک پر کانٹینٹ بنانے کی وجہ سے اداکاری کی آفر ملی اور 2020 میں جب یہ پیشکش ہوئی، تو اس وقت کووڈ کی وجہ سے ان کا وزن کافی بڑھا ہوا تھا۔
رومیسہ خان نے بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ سے پہلے انہیں وزن کم کرنے کا کہا گیا، جو ابتدائی طور پر برا نہیں لگا، مگر جب یہ بات روزانہ اور مذاق میں کہی جانے لگی اور جب ان سے پوچھا گیا کہ اسے کھانا کس نے دیا، تو انہیں یہ بات بہت برا لگی۔
انہوں نے بتایا کہ ایسا کہنے والے ایک ہدایت کار تھے، جنہوں نے کہا تھا کہ اگر ڈراما انڈسٹری میں کام کرنا ہے تو تمہیں فٹ ہونا پڑے گا، یہاں صرف پیارا ہونا کافی نہیں، فٹ ہونا بھی ضروری ہے اور پیاری تم ویسی بھی نہیں ہو، اسی لیے فٹ ہوجاؤ۔
رومیسہ خان کے مطابق یہ بات سن کر وہ رو پڑیں، جس پر ہدایت کار نے ان سے معذرت کرنے کی کوشش کی، مگر چونکہ یہ سب سب کے سامنے کہا گیا تھا، تو انہوں نے ہدایت کار سے سب کے سامنے معافی مانگنے کو کہا، جس پر وہ ناراض ہوگئے اور اس کے بعد چار دن تک ہدایت کار نے ان سے بات نہیں کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگرچہ وقت کے ساتھ میڈیا اور ٹی وی انڈسٹری میں تبدیلی آئی ہے، لیکن اب بھی بعض اوقات ڈھکے چھپے الفاظ میں لوگوں کو وزن یا رنگ کی بنیاد پر ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ان کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا، شاید اس لیے کہ وہ مشہور ہوگئی ہیں، لیکن کسی کو بھی اس کے رنگ یا وزن کی وجہ سے پریشان نہیں کرنا چاہیے۔
رومیسہ خان نے مزید کہا کہ ناظرین میں سے کسی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ موٹی لگ رہی ہیں، حالانکہ انہیں خود شروعات میں ایسا لگتا تھا کہ وہ اسکرین پر موٹی نظر آتی ہیں۔