کے پاپ اور برطانوی میوزک کا امتزاج، زین ملک اور جیسو کا نیا گانا رواں ہفتے ریلیز ہوگا
کے پاپ اور برطانوی میوزک کے امتزاج میں برطانوی گلوکار زین ملک اور کورین بینڈ ’بلیک پنک‘ کی رکن جیسو کا نیا گانا رواں ہفتے ریلیز ہوگا۔
زین ملک اور جیسو پہلی بار ایک ساتھ گانا ریلیز کرنے جا رہے ہیں، دونوں کا نیا گانا ’آئز کلوزڈ‘ (Eyes Closed) جمعہ، 10 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
گلوکاروں نے انسٹاگرام پر گانے کا پوسٹر اور آڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے اس کی ریلیز کا باقاعدہ اعلان کیا، جس کے بعد یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور دونوں کے مداحوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
یہ پروجیکٹ جیسو کے لیے پہلا بین الاقوامی مشترکہ سولو پروجیکٹ ہے، جب کہ زین ملک کے لیے کے پاپ انڈسٹری میں پہلا تجربہ ہوگا۔
رولنگ اسٹون کے مطابق اس گانے کی میوزک ویڈیو انڈر وارنڈر کونٹینٹ کی ٹیم ڈائریکٹ کر رہی ہے، جو اس سے قبل بی ٹی ایس کے گلوکار جنگ کک کے گانے ’اسٹینڈنگ نیکسٹ ٹو یو‘ اور لیڈی گاگا کے ’ڈیزیز‘ کے ویژولز بنا چکی ہے۔
زین ملک اور جیسو کے ممکنہ گانے سے متعلق قیاس آرائیاں اس وقت شروع ہوئیں تھیں، جب زین ملک اپنی بیٹی خائی کے ساتھ نیویارک میں بلیک پنک کے کنسرٹ میں شریک ہوئے تھے اور شو سے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے گروپ کا شکریہ ادا کیا تھا۔
کولیبریشن کے علاوہ دونوں گلوکار اپنے الگ پروجیکٹس پر بھی کام کر رہے ہیں، جیسو اس وقت بلیک پنک کے ’ڈیڈلائن ورلڈ ٹور‘ میں مصروف ہیں، جو جولائی میں سیئول سے شروع ہوا تھا، جب کہ زین ملک جنوری 2026 میں لاس ویگاس کے ڈولبی لائیو میں اپنی پرفارمنس کا آغاز کریں گے۔
سابق ون ڈائریکشن گلوکار زین ملک اپنے پرانے بینڈ کے ساتھی لوئیس ٹاملنسن کے ساتھ نیٹ فلکس کے لیے ایک امریکی روڈ ٹرپ ڈاکیومنٹری سیریز پر بھی کام کر رہے ہیں۔