نصف دہائی سے تاخیر کا شکار فلم ’نیلو فر‘ کو آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان
تقریبا نصف دہائی سے مسلسل نامعلوم وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار رہنے والی فلم ’نیلو فر‘ کو آئندہ ماہ نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
فلم کی شوٹنگ 2019 میں شروع ہوئی تھی اور 2020 میں کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے اس کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوئی تھی، تاہم دسمبر 2020 تک فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی تھی۔
فلم کی شوٹنگ کو پانچ سال مکمل ہونے پر پچھلے ماہ ستمبر میں فلم کا موشن پوسٹر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا اور اب اسے آئندہ ماہ سینماؤں میں پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج سمیت ہم ٹی وی، ماہرہ خان اور فواد خان کے انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے فلم کے دوسرے موشن پوسٹر کے ساتھ ہی اسے ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔
موشن پوسٹر کو جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ’نیلو فر‘ کو 28 نومبر کو سینماؤں میں پیش کردیا جائے گا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم پاکستان کے علاوہ مشرق وسطیٰ، امریکا، یورپ، کینیڈا اور آسٹریلیا جیسے ممالک میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔
میگا کاسٹ فلم کی کہانی امر رسول نے لکھی ہے اور وہی فلم کے ہدایتکار بھی ہیں، جب کہ اسے اوصاف شارق نے پروڈیوس کیا ہے۔
فواد خان اور حسن خالد اس فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسرز بھی ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں ماہرہ اور فواد خان کے علاوہ عتیقہ اوڈھو، بہروز سبزواری، مدیحہ امام، ثروت گیلانی، گوہر رشید، فیصل قریشی، سامعہ ممتاز، راشد فاروقی، چاند برال، سیمی راحیل، عدیل ہاشمی، حرا ترین اور نوید شہزاد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
فلم کی ٹیم نے واضح طور پر اس کی کہانی سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم ماہرہ خان اور فواد خان متعدد انٹرویوز میں عندیہ دے چکے ہیں کہ ’نیلو فر‘ رومانوی فلم ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ہفتے تک ’نیلو فر‘ کا ٹریلر ریلیز کیا جائے گا، اس کے بعد ہی فلم کی کہانی سے متعلق کچھ معلوم ہوسکے گا۔