پاکستان

حیدرآباد: گزشتہ ہفتے حملے میں زخمی ہونے والی خاتون انتقال کر گئیں

ملزم نے مبینہ طور پر شادی سے انکار کرنے پر خاتون کو گولی مار دی تھی، واقعے کے فوراً بعد اسے گرفتار کر لیا تھا، ایس ایس پی

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں گزشتہ ہفتے حملے میں گولی سے زخمی ہونے والی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔

حیدرآباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عدیل چانڈیو نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا، انہوں نے بتایا کہ ملزم نے مبینہ طور پر شادی سے انکار کرنے پر خاتون کو گولی مار دی تھی۔

ایس ایس پی عدیل چانڈیو نے بتایا کہ ملزم جرم میں استعمال ہونے والا ہتھیار برآمد ہونے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔

متاثرہ خاتون کے بھائی نے نسیم نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا، جس میں واقعے کی تاریخ 3 اکتوبر بتائی گئی ہے، ایف آئی آر تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 34، 324 اور 504 کے تحت درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی نے کہا کہ ملزم اس کی بہن سے شادی کرنا چاہتا تھا، لیکن خاندان نے اس کی پیشکش مسترد کر دی تھی کیونکہ وہ غیر مسلم تھا۔

مدعی نے الزام لگایا کہ ملزم اس پر ناراض ہوا اور میری بہن کو قتل کرنے کی دھمکی دی، 3 اکتوبر کو اس نے مجھے اور میری بہن کو راستے میں روکا اور گولی مار دی۔

مقتولہ کو لطیف آباد کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم نازک حالت ہونے کے باعث بعد ازاں انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ چند دن زیرِ علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔