لائف اسٹائل

’بریانی‘ میں گل مہر کے کردار کیلئے کن 2 سیاسی شخصیات کا حوالہ دیا گیا تھا؟ ثروت گیلانی نے بتادیا

دو معروف سیاسی شخصیات کا حوالہ دیا گیا تھا تاکہ ان کے انداز سے متاثر ہو کر اپنا کردار تشکیل دے سکوں، اداکارہ

اداکارہ ثروت گیلانی نے انکشاف کیا ہے کہ ڈراما سیریل ’بریانی‘ میں ان کے کردار گل مہر کی تیاری کے دوران انہیں دو معروف سیاسی شخصیات کا حوالہ دیا گیا تھا تاکہ وہ ان کے انداز سے متاثر ہو کر اپنا کردار تشکیل دیں۔

اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈراما سیریل ’بریانی‘ اپنی منفرد کہانی کے باعث ناظرین کی خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے، خاص طور پر ثروت گیلانی کے کردار گل مہر نے آغاز سے ہی تجسس پیدا کیا۔

ابتدائی اقساط میں ناظرین کو یہ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ میران کی بہن ہیں، بھابھی یا بیوی، تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ گل مہر دراصل میران کی بیوی ہیں، جس کی شادی میران کے بڑے بھائی کے انتقال کے بعد اس سے ہوئی تھی۔

حال ہی میں یوٹیوب پروگرام ’سمتھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ثروت گیلانی نے اپنے کردار کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انہیں یہ کردار آفر ہوا تو وہ فوراً پرجوش ہو گئی تھیں اور اس کے حوالے سے تیاری شروع کر دی تھی، چونکہ کردار ایک سندھی خاتون کا تھا، اس لیے انہوں نے خصوصی طور پر ہالہ جاکر اجرک اور دیگر مقامی اشیا کی خریداری کی تاکہ کردار میں اصلیت جھلکے۔

اداکارہ نے بتایا کہ شوٹنگ سے قبل انہیں مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ مریم نواز اور حنا ربانی کھر کو دیکھ کر اپنے کردار کی تیاری کریں، مگر انہوں نے کہا کہ پہلے ان کی تیار کردہ وارڈروب دیکھ لی جائے۔

ثروت گیلانی کے مطابق جن دو شخصیات کا حوالہ دیا گیا تھا وہ اے سی والی گاڑی سے اتر کر میٹنگز میں جاتی ہیں، جب کہ ان کے کردار کو جون کی تپتی دھوپ میں دکھایا گیا تھا، اس لیے انہوں نے کردار کو حقیقت سے قریب تر دکھانے کے لیے جارجٹ کے دوپٹے کے بجائے اجرک کے دوپٹے کا انتخاب کیا، جو بعد میں سب کو پسند بھی آیا۔