لائف اسٹائل

شفقت چیمہ کی فیملی نے بیماری کو میڈیا سے کیوں چھپایا تھا؟ بیٹے نے اصل وجہ بتادی

چاہے میڈیا ہو یا کسی بھی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والا فرد ہو سب کو ہمیشہ اپنے خاندان کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ مشکل وقت میں یہی لوگ ساتھ کھڑے رہتے ہیں، سینئر اداکار کے بیٹے کا انٹرویو

ماضی کے مشہور اداکار شفقت چیمہ کے بیٹے نے بتایا کہ انہوں نے والد کی بیماری کو میڈیا سے اس لیے چھپایا کیونکہ ہم بہن بھائی چاہتے تھے کہ لوگ ہمارے والد کو ایک مضبوط شخصیت کے طور پر دیکھیں اور کمزور حالت میں نہ دیکھیں۔

شفقت چیمہ کے بیٹے نے حال ہی میں ’نیو ڈیجیٹل‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے والد کے حوالے سے گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کی بہت جلد 25 نئی فلمیں ریلیز ہوں گی، جس کے بعد ان کی مجموعی ریلیز ہونے والی فلموں کی تعداد 1 ہزار سے زیادہ ہو جائے گی۔

شفقت چیمہ کے بیٹے نے کہا کہ وہ والد کی فلموں کی فہرست کی کتاب تیار کر رہے ہیں اور جیسے ہی فلموں کی تعداد 1 ہزار سے زیادہ ہوگی، اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے جمع کرائیں گے۔

بیٹے کے مطابق ہم بہن بھائیوں کے لیے والد سب کچھ ہیں، جب وہ بیمار ہوئے تو ایک بہن مانچسٹر سے اور دوسری امریکا سے پہلی پروازوں کے ذریعے پاکستان آئیں، ہم نے والد کو میڈیا کے سامنے نہ لانے کا فیصلہ کیا تاکہ لوگ انہیں ایک مضبوط شخصیت کے طور پر دیکھیں اور کمزور حالت میں نہ دیکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہے میڈیا ہو یا کسی بھی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والا فرد ہو سب کو ہمیشہ اپنے خاندان کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ مشکل وقت میں یہی لوگ ساتھ کھڑے رہتے ہیں، اپنے خاندان کو مضبوط بنانا اصل سرمایہ ہے۔

بیٹے نے اداکارہ ریما کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس مشکل وقت میں والد کی خبر گیری کی۔

انہوں نے بتایا کہ ریما اپنے شوہر جو ہارٹ اسپیشلسٹ ہیں، ان کے ساتھ روزانہ صبح سویرے والد کی خیریت معلوم کرنے کے لیے فون کرتی رہیں۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2024 میں خبریں سامنے آئیں تھیں کہ شفقت چیمہ کو فالج ہوا ہے، تاہم بعد ازاں اہل خانہ نے واضح کیا کہ اداکار کو فالج نہیں ہوا بلکہ انہیں شدید نمونیہ بخار تھا اور اب ان کی صحت بہتر ہے۔

رواں سال فروری میں فلم ساز ندیم چیمہ نے بتایا تھا کہ شفقت چیمہ کو نیورو مسائل ہیں اور ان کی صحت دن بہ دن خراب ہو رہی ہے، لیکن ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر انہیں الزائمر یا ڈیمینشیا ہے، جس سے یادداشت شدید متاثر ہوتی ہے۔

شفقت چیمہ نے تقریباً 35 سال فلمی صنعت میں کام کیا اور یادگار منفی کرداروں کی وجہ سے لاکھوں مداح بنائے۔

ان کی مشہور فلموں میں ’کالے چور‘، ’گاڈ فادر‘، ’منڈا بگرا جائے‘، ’چوڑیاں‘ اور ’ہاتھی میرا ساتھی‘ شامل ہیں، انہوں نے کئی ڈراموں جیسے ’خدا اور محبت‘، ’اشک‘ اور ’ہیر رانجھا‘ میں بھی اداکاری کی۔