ہمارے آباؤ و اجداد حالیہ پاکستان پنجاب سے تعلق رکھتے تھے، والد شاہد کپور
معروف بولی وڈ اداکار شاہد کپور کے والد فلم ساز پنکج کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے آباؤ و اجداد کا تعلق حالی پاکستان کے پنجاب سے تھا جب کہ ان کے والد نے بھی لاہور کے کالج سے تعلیم حاصل کی۔
پنکج کپور نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات سمیت اپنے خاندان کے بارے میں بھی کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بیٹے شاہد کپور کی اداکاری اور شخصیت کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں سپر اسٹار قرار دیا اور کہا کہ وہ اچھی اداکاری کرتے ہیں۔
ان کے مطابق انہیں شاہد کپور کی جانب سے اداکاری شروع کرنے سے قبل ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ اچھے اداکار بنیں گے لیکن انہوں نے بیٹے کو سپورٹ نہیں کیا، وہ چاہتے تھے کہ ان کے بیٹے خود ہی اپنی جگہ بنائیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے شاہد کپور کی ڈبیو فلم ’عشق وشق‘ سمیت ان کی تقریبا تمام فلمیں دیکھ رکھی ہیں، انہوں نے حیدر، رام لیلا۔ موسم اور دیگر فلموں میں اچھی اداکاری کرکے اپنی جگہ بنائی اور خود کو بہترین اداکار بنایا۔
پنکج کپور کا کہنا تھا کہ بطور والد وہ اپنے بیٹے کی تعریفیں نہیں کر سکتے تھے، اس لیے انہوں نے بیٹے کو سپورٹ کرنے کے بجائے انہیں اپنی جگہ خود بنانے کے لیے آزاد چھوڑا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر ان کے والد تھوڑی کوشش کرتے تو وہ برصغیر کے بہترین انگریزی کے ناول نگار بن سکتے تھے لیکن شعبہ تعلیم کی مصروفیات کی وجہ سے وہ لکھاری نہ بن سکیں۔
شاہد کپور کے والد کا کہنا تھا کہ ان کے والد حالیہ پاکستانی پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے معروف اور تاریخی ’ایف سی‘ کالج سے پڑھے، جس وجہ سے ان کی تعلیم اچھی رہی، وہ مذکورہ کالج میں انگریزی میگزین کے ایڈیٹر بھی رہے۔
پنکج کپور نے بتایا کہ ان کے دادا بھی شعبہ تعلیم سے وابستہ تھے اور تقسیم ہند سے قبل ہی وہ سرکاری ملازم تھے، اس لیے ان کا تبادلہ پورے پنجاب یعنی حالیہپاکستانی پنجاب کے علاقوں سمیت بھارتی پنجاب کے علاقوں میں ہوتا رہتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے دادا سمیت خاندان کے دوسرے افراد کا اصل تعلق حالیہ پاکستان پنجاب کے علاقے حافظ آباد سے تھا، وہاں کپور خاندان کے بہت سارے لوگ آباد تھے۔
تقسیم کے بعد ہجرت کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے تقسیم کے وقت ان کے والد بھارتی پنجاب میں ہی آباد تھے، جس وجہ سے انہیں ہجرت کی ضرورت نہ پڑی لیکن ان کے آباؤ و اجداد کا اصل تعلق پاکستانی پنجاب کے علاقے حافظ آباد سے ہے۔