’پاکستان آئیڈل‘ کس ایپ پر دیکھا جاسکتا ہے؟
ملک کے مقبول ترین موسیقی کے مقابلے ’پاکستان آئیڈل‘ کا نیا سیزن شروع ہوگیا ہے، جس نے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، اب یہ شو صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی دستیاب ہے، جہاں شائقین اسے بگن ایپ کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ’پاکستان آئیڈل‘ کی دو اقساط نشر کی گئیں، جن میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے گلوکاروں نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا، ایک کے بعد ایک نئے ابھرتے ہوئے اسٹارز نے شاندار پرفارمنسز پیش کیں، جنہوں نے نہ صرف ججز بلکہ ناظرین کو بھی مسحور کر دیا۔
ججز کے لیے بہترین آواز کا انتخاب کسی چیلنج سے کم نہیں رہا، انہوں نے ہر شریک گلوکار کی آواز، اندازِ پیشکش اور جذبے کا باریک بینی سے جائزہ لیا، کئی باصلاحیت شرکا اگلے مرحلے کے لیے منتخب ہوگئے، جب کہ کچھ کو ناکامی کے باعث گھر لوٹنا پڑا۔
اب مقابلہ مزید دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ہر گلوکار کو اپنی محنت اور عزم کے بل پر خود کو منوانا ہوگا، اگلے مرحلے میں کون آگے بڑھے گا اور کون باہر ہوگا، اس کا فیصلہ ججز کی سخت جانچ اور ناظرین کے جوش پر منحصر ہوگا۔
ایم ایچ گلوبل کے پیش کردہ اس شاندار شو کی میزبانی شفاعت علی کر رہے ہیں، جب کہ ججز کے پینل میں فواد خان، زیب بنگش، راحت فتح علی خان اور بلال مقصود شامل ہیں۔
کئی شائقین ٹی وی پر پروگرام کی نشریات کے وقت اسے نہ دیکھ سکے اور بعد میں جب یوٹیوب پر تلاش کیا تو وہاں صرف اس کے چند کلپس ہی دستیاب تھے۔
ایسے ناظرین جو ٹی وی پر نشریات کے دوران پروگرام نہیں دیکھ سکے، وہ اسے بگن کی ایپ پر دیکھ سکتے ہیں۔
ویرائٹی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قائم اس پلیٹ فارم نے ’پاکستان آئیڈل‘ کے عالمی اسٹریمنگ حقوق حاصل کر لیے ہیں، جس کے بعد یہ شو اب پاکستان سے باہر بھی بھارت سمیت کئی ممالک میں دیکھا جا سکے گا۔
یہ پروگرام بگن ایپ پر امریکا، کینیڈا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں دستیاب ہوگا، جب کہ برطانیہ، جرمنی، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نائجیریا کے ناظرین اسے begin.watch ویب سائٹ کے ذریعے براہِ راست دیکھ سکیں گے۔
ایم ایچ گلوبل کی ڈائریکٹر زویا مرچنٹ کے مطابق ’پاکستان آئیڈل‘ کی بین الاقوامی تقسیم جنوبی ایشیائی تفریحی صنعت کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
ان کے مطابق بگن کے ساتھ یہ اشتراک پاکستانی ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
زویا مرچنٹ نے مزید کہا کہ بگن کا مقصد ایسا مواد فراہم کرنا ہے جو مختلف ثقافتوں کو ایک دوسرے سے جوڑے، ’پاکستان آئیڈل‘ اس وژن کی بہترین مثال ہے، کیونکہ یہ جنوبی ایشیا کی حقیقی آوازوں کو عالمی سطح پر متعارف کروا رہا ہے۔