حسن رحیم کی 14 گانوں پر مشتمل میوزک البم ’دل کے پردے‘ ریلیز
گلوکار و موسیقار حسن رحیم کی 14 گانوں پر مشتمل نئی میوزک البم ’دل کے پردے‘ ریلیز ہوگئی ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر البم کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے بیک اسٹیج کے کلپس کی ایک سیریز شیئر کی، جس میں سننے کے سیشنز کے مناظر، دوستوں کے ساتھ ہنسی مذاق اور پروڈیوسر عمیر کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو بھی شامل تھی۔
حسن رحیم کی جانب سے شیئر کی گئی کلپس میں سے سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا کلپ ان کے گھٹنے کی چوتھی سرجری کے دنوں کا تھا، جب انہیں معلوم نہیں تھا کہ آیا وہ دوبارہ چل سکیں گے یا نہیں۔
پوسٹ کے کیپشن میں حسن رحیم نے بتایا کہ یہ البم انہوں نے ان دنوں لکھنا شروع کی تھی جب وہ بستر پر تھے۔
انہوں نے اپنی والدہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشکل وقت میں ان کا بہت ساتھ دیا اور بیوی کے لیے محبت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شادی ہوگئی ہے۔
گلوکار نے یہ بھی ذکر کیا کہ اس دوران انہوں نے کچھ نئے دوست بنائے، کچھ پرانے تعلقات ختم کیے اور زندگی کو دوبارہ جینا شروع کیا۔
حسن رحیم نے مداحوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’دل کے پردے‘ سنیں اور اس کے ساتھ جئیں، کیونکہ پچھلے دو سال ان کے لیے بالکل ایسے ہی رہے۔
البم ’دل کے پردے‘ میں 14 گانے شامل ہیں، جن میں پہلے سے جاری شدہ گانے ’ایکسز‘ اور ’میموریز‘ بھی شامل ہیں۔
یہ البم حسن رحیم کے مداحوں کی توقعات کے مطابق محبت، نقصان اور خود شناسی جیسے موضوعات پر مرکوز ہے اور ان کی مخصوص نرم پاپ-آر اینڈ بی آواز میں پیش کیا گیا ہے۔
کراچی میں اس البم کی شاندار مارکیٹنگ کی جا رہی ہے، شہر بھر میں البم کے نام کے عارضی بینرز نظر آرہے ہیں، خاص طور پر شاہراہ فیصل، تین تلوار اور دیگر مقامات پر۔