لائف اسٹائل

کپل شرما نے 100 روپے معاوضے پر بھی کام کیا، نوجوت سدھو

کئی سال قبل کیریئر کے آغاز میں کپل شرما ادھیڑ عمر لگتے تھے، انہوں نے سخت محنت کرکے اپنا مقام بنایا، سابق کرکٹر

سابق بھارتی کرکٹر، سیاستدان اور ٹی وی میزبان نوجوت سنگھ سدھو نے معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کی تعریفیں کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں محض 100 روپے معاوضے پر بھی کام کیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق نوجوت سدھو نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں جہاں کپل شرما کی تعریفیں کیں، وہیں انہوں نے اپنی تعریفوں کے پل بھی باندھے۔

نوجوت سدھو کا کہنا تھا کہ ان کے جملوں کو ’سدھو ازم‘ کہا جاتا ہے، لوگ ان کی باتوں اور اقوال کو بہت پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے ایک واقعہ سنایا کہ سابق امریکی صدر جارج بش نے ان کے ’سدھو ازم‘ کے بارے میں سنا اور ان سے ملنا چاہا اور جب ملاقات ہوئی تو سدھو نے مثبت سوچ کے بارے میں ایک جملہ کہا کہ ’اپنا چہرہ سورج کی طرف رکھو تاکہ تمہیں کبھی اپنا سایہ نہ دیکھنا پڑے’ اور ان کے جملے پر جارج بش ہنس پڑے۔

ساتھ ہی انہوں نے کپل شرما کی سخت محنت اور کیریئر سے متعلق بھی مختلف باتیں کیں اور بتایا کہ کئی سال قبل کیریئر کے آغاز میں کپل شرما ادھیڑ عمر لگتے تھے۔

نوجوت سنگھ سدھو نے بتایا کہ کپل شرما نے سخت محنت کی جس وجہ سے وہ آج کامیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ دکھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہوتی ہے، ورنہ وہ بے معنی ہے اور جب کپل شرما کو بھی پلیٹ فارم ملا تو دنیا کے ان کا ٹیلنٹ دیکھا۔

ان کے مطابق کپل شرما 2006 میں جب پہلی بار ٹی وی پر آئے تو ان کے بال نہیں تھے، ان کا پیٹ نکلا ہوا تھا اور وہ 45 سال کے لگتے تھے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹی وی پر موقع ملنے سے قبل کپل شرما محض 100 روپے معاوضے پر مقامی تھیٹر میں کام بھی کرتے تھے لیکن جب انہیں بڑا پلیٹ فارم ملا تو ان کا ٹیلنٹ سب کے سامنے آیا۔

نوجوت سدھو کا کہنا تھا کہ اپنے شوق کو پورا کرنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ نہ والدین اس کی حمایت کرتے ہیں اور نہ ہی معاشرہ سمجھتا ہے بلکہ لوگ ہمیشہ کوشش کرنے والے کو چھوٹا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کئی سال تک کپل شرما کے ساتھ ان کے کامیڈی شو میں بطور میزبان نظر آتے رہے ہیں۔