لائف اسٹائل

غلط کام کرنے والے مرد یا خاتون کو کوئی روک نہیں سکتا، رابعہ کلثوم

شوہر ریحان ناظم میرے بھائی کے دوست تھے، گھر آتے جاتے تھے، جہاں ہم ایک دوسرے پر فدا ہوئےاور ہمارے درمیان تعلقات استوار ہوئے، اداکارہ

اداکارہ رابعہ کلثوم نے کہا ہے کہ اگر کوئی شادی شدہ مرد یا خاتون غلط کام کرنا چاہے تو وہ کسی طرح بھی کرے گا اور کوئی کچھ بھی کرلے، اسے روک نہیں سکتا۔

رابعہ کلثوم نے حال ہی میں شوہر ریحان ناظم کے ہمراہ ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مِختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران دونوں نے اپنی شادی اور ایک دوسرے پر یقین ہونے کے معاملے پر بھی بات کی اور بتایا کہ دونوں ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں اور ایک ہی انڈسٹری میں کام کرنے کی وجہ سے انہیں انڈسٹری کے رجحانات اور روایات کا بھی علم ہے۔

پروگرام میں رابعہ کلثوم نے انکشاف کیا کہ ریحان ناظم ان کے بھائی کے دوست تھے اور گھر آتے جاتے تھے، جہاں وہ ایک دوسرے پر فدا ہوئے اور ان کے درمیان تعلقات استوار ہوئے۔

ریحان ناظم کے مطابق انہوں نے رابعہ کلثوم کو دیکھتے ہی انہیں دل دے دیا اور پھر ان کے قریب آنے اور ان سے شادی کرنے کے لیے حربے استعمال کیے اور اپنے منصوبوں میں کامیاب ہو گئے۔

رابعہ کلثوم نے بتایا کہ ریحان ناظم، برطانیہ میں رہنے والے ان کے بھائی کے دوست تھے اور انہیں دیکھتے ہی وہ بھی ان پر فدا ہوگئی تھیں۔

دونوں نے بتایا کہ ان کی شادی کو ایک دہائی گزر چکی ہے اور انہیں ایک بچہ بھی ہے، انہوں نے مل کر بچے کی پرورش کی، انہوں نے صنفی فرق سے بالاتر ہوکر بچے کو وقت دیا۔

اسی پروگرام کے دوران ریحان ناظم نے بتایا کہ انہوں نے ہی بیوی کو شوبز میں کام کرنے کا کہا اور بیوی کو راضی کرنے کے لیے انہیں تین ماہ لگے۔

ان کے مطابق ان کی بیوی نے پہلے ڈینٹسٹ کے طور پر پریکٹس کرنا شروع کی، پھر اسکول میں بھی پڑھایا لیکن ان کا دل کسی کام میں نہیں لگتا تھا، جس کے بعد انہوں نے ان سے پوچھا کہ انہیں کون سا کام پسند ہے، جس پر انہوں نے اداکاری کہا لیکن خود شوبز میں کام کرنے کے لیے رضامند نہ ہوئیں۔

ریحان ناظم کا کہنا تھا کہ رابعہ کلثوم اپنے اور ان کے خاندان کی وجہ سے شوبز میں کام کرنے سے کترا رہی تھیں لیکن ان کے تین ماہ تک منانے کے بعد وہ کام کے لیے رضامند ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنی بیوی پر یقین تھا، جس وجہ سے ہی انہوں نے انہیں شوبز میں کام کرنے کا کہا۔

اسی دوران رابعہ کلثوم کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوہر کا اعتماد حاصل کیا، انہوں نے شوہر کو یہ یقین دلایا کہ وہ ایسی طبیعت کی خاتون نہیں۔

رابعہ کلثوم کے مطابق ان کے شوہر جانتے ہیں کہ اگر کوئی مرد ان کی بیوی سے غلط بات کرے گا تو ان کی بیوی مذکورہ شخص کو کان کے نیچے تھپڑ رسید کرکے بھگا دیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیکن ان کا یقین ہے کہ اگر کوئی بھی شخص غلط کام کرنا چاہے تو اسے کوئی روک نہیں سکتا۔

انہوں نے مثال دی کہ اگر ان کا شوہر غلط کام کرنا چاہے تو وہ کچھ بھی کرکے وہ غلط کام کرے گا اور وہ انہیں روک نہیں پائیں گی۔

اداکارہ کے مطابق اسی طرح اگر وہ خود کوئی غلط کام کرنا چاہے تو مختلف بہانے اور منصوبے بنا کر وہ کام کرلیں گی، کوئی انہیں روک نہیں سکتا۔