ریپ کو جرم کے طور پر دیکھنا چاہیے، عزت کے مسئلے کے طور پر نہیں، شاہ زیب خانزادہ
ٹی وی میزبان و صحافی شاہ زیب خانزادہ نے اپنے پہلے ڈرامے ’کیس نمبر 9‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے میں ریپ جیسے سنگین جرم کو عزت کے مسئلے کے بجائے ایک قانونی جرم کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
شاہ زیب خانزادہ نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے پہلے ڈرامے ’کیس نمبر 9‘ کے حوالے سے گفتگو کی۔
پروگرام میں گفتگو کے دوران شاہ زیب خانزادہ نے اپنے ڈرامے ’کیس نمبر 9‘ کے اسکرپٹ کے بارے میں بھی بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈراما لکھنے کا خیال انہیں اس وقت آیا جب انہوں نے اپنی اہلیہ کا ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھا، ان کی اہلیہ ڈراموں میں کام کرتی ہیں اور ایک دن جب انہوں نے ان کا اسکرپٹ دیکھا تو سوچا کہ یہ تو وہ بھی لکھ سکتے ہیں، تاہم اہلیہ نے مشورہ دیا کہ وہ یہ کام چھوڑ دیں کیونکہ وہ پہلے ہی اپنے ٹاک شو میں بہت محنت کرتے ہیں۔
شاہ زیب خانزادہ کے مطابق اسی دوران ان کی گردن میں انجری ہوگئی تھی، مگر اس کے باوجود انہوں نے ’کیس نمبر 9‘ کا اسکرپٹ مکمل کیا، ان کی اہلیہ چاہتی تھیں کہ وہ آرام کریں، لیکن انہوں نے یہ کام ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا۔
میزبان نے بتایا کہ اسکرپٹ مکمل ہونے کے بعد انہوں نے سب سے پہلے اسے اپنی والدہ، اہلیہ اور بہنوں کو پڑھایا تاکہ وہ خواتین کی اسکرپٹ کے بارے میں رائے جان سکیں۔
بعد ازاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کی معروف رائٹرز اور دیگر خواتین کو بھی اسکرپٹ سنایا اور ان سب نے ہی اس کے بارے میں مثبت رائے دی، اس کے بعد انہوں نے جیو انٹرٹینمنٹ سے رابطہ کیا، جس نے ڈرامے کو پروڈیوس کرنے کا فیصلہ کیا۔
شاہ زیب خانزادہ نے بتایا کہ ’کیس نمبر 9‘ کا مقصد معاشرے میں ریپ جیسے سنگین جرم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈراما اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ اگر کسی خاتون کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آئے تو اسے وقت ضائع کرنے کے بجائے اسے فوراً رپورٹ کرنا چاہیے، کیونکہ ہمارے ملک میں اس حوالے سے قوانین موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے کی یہ سوچ بھی تبدیل کرنی تھی کہ ریپ کو ایک جرم کے طور پر دیکھا جائے، نہ کہ کسی کی عزت لٹنے کے واقعے کے طور پر۔
ڈراما سیریل ’کیس نمبر 9‘ جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جا رہا ہے، جس کی کہانی ریپ سے متاثرہ خاتون کے انصاف کی تلاش کے گرد گھومتی ہے، اس کی کاسٹ میں فیصل قریشی، صبا قمر، گوہر رشید، آمنہ شیخ، نوین وقار، حنا بیات، نور الحسن، شاہنواز زیدی اور علی رحمٰن خان سمیت دیگر شامل ہیں۔
ڈرامے کو سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوس کیا ہے، شاہ زیب خانزادہ نے اسے تحریر کیا ہے، جب کہ ہدایت کاری سید وجاہت حسین نے دی ہے۔