وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات، افغانستان کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے پر پاک فوج کی تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاتی عمرہ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں دورہ ملائیشیا کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں، وزیراعظم نےنواز شریف کو اپنے دورہ ملائیشیا کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کا نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
دوران ملاقات وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات خصوصاً اقتصادی تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے اپنے آنے والے دورہ مصر کے حوالے سے بھی صدر پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کو بریفنگ دی۔
ملاقات میں افغانستان کی جانب سے اشتعال انگیزی پر بھی بات چیت ہوئی، اور افغانستان کی اشتعال انگیزی پر مؤثر اور بھرپور جواب پر پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔