ایمن خان کی اداکاری سے دوری پر منیب بٹ کا ردعمل سامنے آگیا
اداکار منیب بٹ نے اہلیہ ایمن خان کی اداکاری سے دوری پر خاموشی توڑتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایمن خان کے ساتھ کسی بھی معاملے میں زبردستی نہیں کرتے، وہ جتنی خودمختار ہیں، اپنی مرضی سے ہی فیصلے کرتی ہیں۔
منیب بٹ نے حال ہی میں زارا نور عباس کے یوٹیوب پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور پیشہ ورانہ تجربات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران منیب بٹ نے بتایا کہ کراچی کے ایک معروف اسکول میں جب وہ اپنی بیٹی امل کے داخلے کے لیے گئے تو اسکول انتظامیہ نے یہ کہہ کر داخلہ دینے سے انکار کر دیا کہ وہ دونوں میاں بیوی پبلک پروفائل ہیں، ان کی بیٹی کے ذہن میں یہ بات ہوگی کہ اس کے والدین سیلیبریٹیز ہیں، اس لیے اسکول والے اسے اپنے باقی بچوں کے ساتھ نہیں رکھنا چاہتے۔
منیب بٹ کے مطابق اس انکار کے بعد انہوں نے اپنی بیٹی کا داخلہ ایک دوسرے اسکول میں کروایا۔
اداکار کی اہلیہ ایمن خان شادی سے قبل ڈراموں میں کام کیا کرتی تھیں، لیکن شادی اور بچوں کے بعد انہوں نے اداکاری سے کافی حد تک دوری اختیار کر لی۔
پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایمن خان کو اداکاری سے روکتے ہیں، تو منیب بٹ نے کہا کہ ایمن جتنی خودمختار ہیں، ان پر کوئی بھی چیز زبردستی نہیں تھوپی جا سکتی اور یہ ہمارے دین میں بھی نہیں کہ شوہر بیوی پر اپنی مرضی مسلط کرے۔
منیب بٹ نے مزید بتایا کہ وہ اور ایمن جس فیلڈ سے تعلق رکھتے ہیں، وہاں ایک پروجیکٹ پر 50 سے 60 دن کام کرنا پڑتا ہے اور روزانہ تقریباً 12 گھنٹے شوٹنگ میں گزر جاتے ہیں، ایسے میں فٹنس کا خیال رکھنا اور اگلے دن کی تیاری بھی ضروری ہوتی ہے، جس کی وجہ سے فیملی کے لیے وقت نکالنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی لیے وہ سمجھتے ہیں کہ بچوں کی تربیت گھریلو ملازمہ کے بجائے والدین کو خود کرنی چاہیے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ آج ہم جو کچھ بچوں پر انویسٹ کریں گے، کل وہی ہمیں ریٹرن میں ملے گا۔
ان کے مطابق انہوں نے کئی ایسے کیسز دیکھے ہیں جہاں بچے والدین کو پیسہ دینے کو تو تیار ہوتے ہیں لیکن ان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے۔