حدیقہ کیانی کی قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی ویڈیو وائرل
معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی کی جانب سے قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے ان کی تعریفیں کیں۔
حدیقہ کیانی گزشتہ چند ماہ سے پنجاب میں آنے والے تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور انہیں سیلاب متاثرین میں ضرورت اشیا تقسیم بھی کرتے دیکھا گیا۔
حدیقہ کیانی نے ’وسیلہ راہ‘ کے نام سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے مہم بھی شروع کی تھی، جس کے ذریعے پورے ملک سے انہیں مخیر حضرات نے عطیات دیے تھے اور انہوں نے عطیات ملنے اور امدادی سامان کو تقسیم کرنے کی ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں۔
اب ان کی جانب سے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے اور امدادی مہم شروع کرنے سے قبل قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے ان کی تعریفیں کیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں حدیقہ کیانی کو سورہ رحمٰن کی تلاوت کرتے سنا جا سکتا ہے۔
حدیقہ کیانی کی جانب سے سورہ رحمٰن کی تلاوت کرنے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جہاں صارفین نے نہ صرف ان کی آواز بلکہ ان کے فلاحی کاموں کی بھی تعریفیں کی۔
زیادہ تر افراد نے انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا اور لکھا کہ وہ نہ صرف متاثرین کی مدد کر رہی ہیں بلکہ مشکلات میں گھرے لوگوں کو سکون پہنچانے کی خاطر خوبصورت آواز میں مقدس کتاب کی تلاوت بھی کر رہی ہیں۔
حدیقہ کیانی گانوں کے علاوہ صوفیانہ کلام بھی ریلیز کر چکی ہیں اور ان کے صوفیانہ کلاموں کو بھی سراہا جاتا رہا ہے۔