زیادہ تر پاکستانی مرد بے وفا ہیں، شادی غیر ملکی سے کروں گی، سعیدہ امتیاز
اداکارہ سعیدہ امتیاز کے خیال میں زیادہ تر پاکستانی مرد بے وفا ہوتے ہیں، اسی لیے وہ سمجھتی ہیں کہ ان کا شریکِ حیات پاکستانی نہیں بلکہ غیر ملکی ہوگا۔
سعیدہ امتیاز نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے محبت، شادی اور تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی۔
گفتگو کے دوران سعیدہ امتیاز نے کہا کہ ان کے نزدیک محبت ایک احساس کا نام ہے، چاہے وہ کسی بھی رشتے میں ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس سے ہی پیار پروان چڑھتا ہے، اکثر مرد اپنی بیوی سے محبت کے دعوے کرتے ہیں مگر باہر جا کر دوسری خواتین سے بھی یہی الفاظ دہراتے ہیں، لیکن اگر انہیں اپنی بیوی کا احساس ہو تو وہ کبھی ایسا نہیں کریں گے۔
سعیدہ امتیاز کے مطابق جب کسی رشتے میں احساس موجود ہو تو انسان کا ضمیر اسے غلط راستے پر جانے سے روک دیتا ہے، اس لیے کسی بھی رشتے کی بنیاد احساس پر ہی ہونی چاہیے۔
شادی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے سعیدہ امتیاز نے کہا کہ انہیں ارینج میرج ڈراؤنی لگتی ہے، ان کے خیال میں شادی سے پہلے میاں بیوی میں مطابقت ہونی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی شادی محبت اور ارینج دونوں کا امتزاج ہو، یعنی وہ خود پسند کریں گی لیکن معاملات گھروالوں کی مرضی سے ہی طے ہوں گے۔
سعیدہ امتیاز نے مزید کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کا شریکِ حیات پاکستانی نہیں ہوگا، کیونکہ ان کے ذہن میں کئی سال پہلے سے یہ خیال آچکا ہے کہ وہ پاکستانی مرد سے شادی نہیں کریں گی۔
ان کے مطابق پاکستان کے زیادہ تر مرد بے وفا ہوتے ہیں، جب کہ بیرونِ ملک ایسے معاملات بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں، وہاں ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوتی۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ بعض معاملات میں خواتین بھی قصوروار ہوتی ہیں۔
سعیدہ امتیاز نے کہا کہ انہوں نے ایسی کئی کہانیاں سنی ہیں جن میں ایک بہن نے دوسری بہن کا گھر برباد کیا، اس لیے لڑکیوں کو شادی شدہ مردوں کے بجائے کنوارے لڑکوں سے تعلقات قائم کرنے چاہئیں تاکہ کسی کا گھر نہ خراب ہو۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ جب انہیں شادی شدہ مرد شادی کے پیغام بھیجتے ہیں تو انہیں بہت غصہ آتا ہے، وہ ایسے مردوں کو فوراً جواب دیتی ہیں کہ آپ کی بیگم کو اسکرین شاٹ بھیج دوں گی، جس کے بعد وہ مرد دوبارہ رابطہ نہیں کرتے۔