لائف اسٹائل

روڈ پر کھدائی کے بعد کیے گئے گڑھے میں گرا، حکومت سڑکوں کو بہتر بنائے، مصطفیٰ قریشی

ایک روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ مصطفیٰ قریشی کراچی کے پرتعیش علاقے کلفٹن میں روڈ کے گڑھے میں گرنے سے زخمی ہوگئے۔

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چہل قدمی کے دوران روڈ کے گڑھے میں گرنے کے بعد لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی نے واضح کیا ہے کہ وہ روڈ پر کسی دوسرے ادارے کی جانب سے کھدائی کے بعد بننے والے گڑھے میں گرے تھے۔

ایک روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ مصطفیٰ قریشی کراچی کے پرتعیش علاقے کلفٹن میں روڈ کے گڑھے میں گرنے سے زخمی ہوگئے، ان کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔

زخمی ہونے کے بعد اب مصطفیٰ قریشی نے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا ہے کہ روڈ میں گڑھا نہیں تھا بلکہ کسی دوسرے ادارے نے روڈ میں کھدائی کر رکھی تھی اور کھدائی کے بعد روڈ کو بند نہیں کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ نماز فجر کے بعد ہر روز چہل قدمی کرتے ہیں، اسی طرح گزشتہ روز واک کرنے کے دوران ان کا پاؤں کھودے گئے روڈ میں پھنسا اور وہ اپنا توازن برقرار رکھ نہ سکے اور گر پڑے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ، بجلی، گیس، پانی یا دوسری سروسز فراہم کرنے والے کسی دوسرے ادارے نے روڈ کی کھدائی کر رکھی تھی، جس کے بعد روڈ کو مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا تھا، جس وجہ سے وہ لڑ کھڑا کر گر گئے۔

ان کے مطابق نہ صرف انہیں ہاتھ اور چہرے پر زخم آئے بلکہ ان کی ٹانگ کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی اور وہ 6 ہفتوں تک مکمل طور پر بستر پر رہیں گے، ان کی بہت ساری مصروفیات تھیں، جنہیں انہوں نے کینسل کردیا۔

مصطفیٰ قریشی نے مداحوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد شہرت حاصل کرنا نہیں تھا بلکہ مسائل کی طرف انتطامیہ کی توجہ مبذول کروانا تھا۔

اداکار نے مختلف ترقیاتی کاموں کی وجہ سے روڈوں کی کھدائی کرنے والے اداروں کو اپیل کی کہ وہ اپنا کام مکمل کرنے کے بعد روڈوں کو مکمل طور پر بند کرکے انہیں ہموار کردیا کریں۔

سینئر اداکار نے حکومت اور انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ روڈوں کی حالت بہتر بنائیں، کھدائی کیے گئے روڈوں کو بند کریں، گٹروں کے ڈھکن لگائیں، جہاں کہیں گڑھے ہیں، وہاں روڈوں کی مرمت کریں، پیدل چلنے والے اور گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد ایسے روڈوں پر متاثر ہوتے ہیں۔

@timesofkarachi

Pakistan's legendary actor, Mustafa Qureshi, has broken his leg bone after falling into a dug-up road while taking a morning walk in Karachi. Here's how he reacted on the incident. #MustafaQureshi #Karachi #TOKReports

♬ original sound - Times of Karachi