لائف اسٹائل

نیٹ فلیکس کے بعد ایچ بی او میکس کی سروس پاکستان میں متعارف

ایچ بی او میکس سے قبل پاکستان میں مقبول ترین اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کی سروس بھی دستیاب ہے

امریکی ملٹی نیشنل سٹریمنگ ویب سائٹ ایچ بی او میکس کی سروس پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت متعدد ایشیائی اور دنیا کے دیگر ممالک میں شروع کردی گئی۔

ایچ بی او میکس کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی صارفین 15 اکتوبر سے اسٹریمنگ کے لیے سبسکرپشن شروع کر سکیں گے، صارفین مرضی کے مطابق ماہانہ اور سالانہ سبسکرپشن حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

سبسکرپشن اسٹریمنگ سروس ایچ بی او میکس نے اپنی سروس پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت 15 نئے ممالک میں شروع کی ہے، باقی ممالک میں کمبوڈیا، مکاؤ اور یوکرین بھی شامل ہیں۔

نئے ممالک کے سبسکرائبرز ایچ بی او میکس اوریجنلز، ہیری پوٹر، ڈی سی یونیورس، وارنر بروس اور ڈسکوری کے مواد تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

ویب سائٹ پر بڑے پیمانے فلمیں، ویب سیریز، پوڈکاسٹس، ٹاک شوز، دستاویزی فلمیں، ڈرامے اور ریئلٹی شوز سمیت ہر طرح کا مواد دستیاب ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی صارفین ماہانہ 467 روپے کے عوض ویب سائٹ کی بنیادی سبسکرپشن حاصل کر سکیں گے جب کہ ماہانہ پریمیم سبسکرپشن کی فیس ماہانہ 800 روپے تک ہے۔

اسی طرح اسٹریمنگ ویب سائٹ نے اسٹینڈرڈ سالانہ فیس 5 ہزار 600 روپے جب کہ پریمیم فیس 7 ہزار 700 روپے رکھی ہے۔

سالانہ اسٹینڈرڈ سبکسرپشن کروانے والے صارفین بیک وقت دو ڈیوائسز پر مواد دیکھ سکیں گے، انہیں ایچ ڈی کوالٹی میں ویڈیوز دیکھنے تک رسائی دی جائے گی جب کہ وہ سالانہ 30 فلم، شوز یا ویب سیریز ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے۔

پریمیم صارفین کو فور کے کوالٹی میں ویڈیوز دیکھنے تک رسائی دی جائے گی اور یہ صارفین بیک وقت 4 ڈیوائسز پر ایچ بی او میکس دیکھ سکیں گے جب کہ یہ صارفین سالانہ 100 فلم، شوز یا ویب سیریز بھی ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

ایچ بی او میکس سے قبل پاکستان میں مقبول ترین اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کی سروس بھی دستیاب ہے جب کہ دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹس کی سروسز بھی پاکستانی صارفین کے لیے دستیاب ہیں۔