مارگریٹ تھیچر کے تین مردوں کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، کتاب میں دعویٰ
برطانیہ کی صحافی اور لکھاری ٹینا گوڈیون نے اپنی نئی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق برطانوی وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کے دو مرد حضرات کے ساتھ براہ راست ناجائز تعلقات جب کہ تیسرے مرد کے ساتھ دل لبھانے کے لیے جنسی حرکات کرنے کے تعلقات تھے۔
برطانوی اخبار ’دی ٹائم‘ کے مطابق ٹینا گوڈیون نے اپنی کتاب ’دی انسیڈنٹل فیمنسٹ‘ میں انکشاف کیا ہے کہ آئرن لیڈی کے طور پر مشہور سابق برطانوی وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کو سیاست دان مردوں سے ناجائز جنسی تعلقات جب کہ اپنے پرسنل میڈیا اسسٹنٹ کے ساتھ انتہائی قریبی دوستی بھی تھی۔
کتاب میں کہا گیا ہے کہ آئرن لیڈی کے طور پر مشہور سابق برطانوی وزیر اعظم کے اپنے سیاسی کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ایک مرد سے ناجائز تعلق تھا جبکہ بعد میں ان کا سر ہیمفری ایٹکنز نامی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ بھی مبینہ طور پر ناجائز جنسی تعلق رہا۔
کتاب کے مطابق مارگریٹ تھیچر کا اپنے پبلک ریلیشن (پی آر) چیف ٹم بیل کے ساتھ بھی ایک ’غیر رسمی دوستی‘ کا تعلق تھا اور وہ اپنے پی آر چیف کی جانب سے جسم کے مختلف حصوں پر ہاتھ رکھنے اور دیگر قریبی رویوں کو پسند کرتی تھیں۔
مصنفہ نے کتاب میں متعدد افراد کی باتوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مارگریٹ تھیچر کے اپنے پی آر چیف سے تعلق شاید اس حد تک گہرا نہیں تھا جیسا کہ عام طور پر سمجھا جاتا ہے۔
ٹینا گوڈیون نے اپنی کتاب کے لیے متعدد ذرائع سے معلومات حاصل کیں، جن میں سابق کنزرویٹو وزیر جوناتھن ایٹکن بھی شامل ہیں۔
جوناتھن نے سر ہیمفری ایٹکنز کے ساتھ مارگریٹ تھیچر کے مبینہ تعلق کے بارے میں بتایا کہ اس وقت اس قسم کی ’باخبر افواہیں‘ گردش کر رہی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیمفری ایٹکنز کی سیاسی صلاحیت محدود تھی لیکن ان کی ترقی مسلسل ہوتی رہی، جس پر لوگ بھی حیرت کرتے تھے۔
سر ہیمفری ایٹکنز 1979 سے 1981 تک ناردرن آئرلینڈ کے سیکریٹری رہے اور وہ مارگریٹ اسپینسر-نائرن سے شادی شدہ تھے، جن سے ان کے چار بچے بھی تھے۔ ان کا انتقال 1996 میں ہوا۔
دوسری جانب مارگریٹ تھیچر کی سوانح حیات لکھنے والے چارلس مور نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے سر ہیمفری ایکٹنز یا ٹم بیل کے ساتھ کسی تعلق کے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دیکھے، ایسی افواہوں کے امکانات بہت کم ہیں، یہ جھوٹے دعوے ہو سکتے ہیں۔
مارگریٹ تھیچر 1979 سے 1990 تک برطانیہ کی وزیر اعظم رہیں، انہیں طاقتور ترین برطانوی وزیر اعظم بھی سمجھا جاتا تھا، ان کے شاہی خاندان سے بھی اچھے تعلقات تھے۔
دوسری جانب لٹریچر فیسٹیول میں گفتگو کرتے ہوئے کتاب کی لکھاری ٹینا گوڈیون نے کہا کہ بہت سارے لوگوں نے انہیں بتایا کہ مارگریٹ تھیچر ذاتی طور پر اس سے کہیں زیادہ پرکشش تھیں، جتنا کہ انہیں میڈیا میں دکھایا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب مارگریٹ تھیچر کسی کمرے میں داخل ہوتی تھیں تو ان کی موجودگی سے ایک ’خاص جوش‘ پیدا ہوتا تھا۔
صحافی اور مصنفہ کی جانب سے مارگریٹ تھیچر کی ذاتی زندگی کے حوالے سے حیران انکشافات کرنے کے بعد برطانیہ میں نئی بحث چھڑ گئی۔