شادی کے لیے ایسا لڑکے کا انتخاب کرونگی جو سانس لینے کی اجازت دے، زوہا توقیر
ابھرتی ہوئی اداکارہ زوہا توقیر نے کہا ہے کہ وہ شادی کے لیے ایسے لڑکے کا انتخاب کریں گی جو دوسروں کو سانس لینے کی اجازت دے یعنی آزادی دے۔
زوہا توقیر نے حال ہی میں پروگرام ”گڈ مارننگ پاکستان“ میں شرکت کی اور اپنی ذاتی زندگی اور تجربات کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ اتنی ہوشیار نہیں ہیں، لوگ انہیں آسانی سے بے وقوف بنادیتے ہیں، ایک مرتبہ درزی نے ان کے کپڑوں کے پیسے تقریباً 50 ہزار روپے لگا دیے تھے، جس پر ان کی والدہ بہت حیران ہوئی تھیں اور پھر والدہ نے درزی سے بات کر کے پیسے کم کروا کر 25 ہزار روپے کروائے تھے۔
شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے زوہا توقیر نے کہا کہ انہوں نے ابھی اس بارے میں بالکل نہیں سوچا کیونکہ کام اور پڑھائی کے ساتھ اس پر غور کرنے کا وقت ہی نہیں ملا، تاہم ان کی والدہ کہتی ہیں کہ شادی ضرور کرنا۔
انہوں نے شادی کے لیے لڑکوں میں ہونے والی خصوصیات کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ وہ ایسے لڑکے کو ترجیح دیں گی جس کے ساتھ بات کی جاسکے، جو کہ جیو اور جینے دو کے اصول پر عمل کرے، خود بھی سانس لے اور دوسروں کو بھی سانس لینے دے یعنی آزادی دے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر لڑکا زیادہ بالادستی دکھانے والا ہوگا تو وہ اس کے ساتھ تعلق نہیں رکھ سکتیں۔
زوہا توقیر کے مطابق کسی سے دوستی یا بات کرنے کے لیے بھی ذہنی ہم آہنگی ضروری ہے، ورنہ سامنے والے سے بات کرنا ممکن نہیں، اسی لیے شادی کے لیے ذہنی ہم آہنگی بہت اہم ہے۔