لائف اسٹائل

ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کی حالیہ قسط میں شرکا کے جذباتی اور بولڈ منظر پر صارفین کی تنقید

’لازوال عشق‘ کی پہلی قسط گزشتہ ماہ 29 ستمبر کو یوٹیوب پر جاری کی گئی تھی اور شو کی اب تک نشر کی جانے والی قسطوں پر صارفین نے اظہار برہمی کیا ہے۔

ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کی حالیہ قسط میں ایک مرد اور خاتون شرکا کے درمیان جذباتی اور بولڈ مناظر دیکھنے کو ملے، جس پر صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ترکی میں فلمایا گیا ’لازوال عشق‘ پاکستان کا پہلا ڈیٹنگ ریئلٹی شو ہے، جس میں چار مرد اور چار خواتین ایک ہی بنگلے میں رہ رہے ہیں اور پروگرام کے دوران وہ اپنی پسند کے لائف پارٹنر کا انتخاب کریں گے۔

شو کو ابتدا ہی سے شدید تنقید کا سامنا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے اسے اسلامی و معاشرتی اقدار کے خلاف قرار دیتے ہوئے ’غیر اسلامی‘ اور ’مغربی ڈیٹنگ شوز کی نقل‘ کہا، جس کے بعد اس کے خلاف ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کرنے لگے۔

’لازوال عشق‘ کی پہلی قسط گزشتہ ماہ 29 ستمبر کو یوٹیوب پر جاری کی گئی تھی اور شو کی اب تک نشر کی جانے والی قسطوں پر صارفین نے اظہار برہمی کیا ہے۔

شو کی میزبان عائشہ عمر کا دعویٰ ہے کہ ان کا شو ’ڈیٹنگ شو‘ نہیں ہے، جب کہ صارفین ان کے شو پر اسلامی ملک میں فحاشی پھیلانے کے الزامات عائد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

’لازوال عشق‘ کے ٹیزر اور ٹریلرز سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے واضح کیا تھا کہ مذکورہ شو یوٹیوب پر نشر ہوگا اور اس پر پابندی عائد کرنا ان کے دائرہ کار میں نہیں۔

گزشتہ دنوں امن ترقی پارٹی کے چیئرمین محمد فائق شاہ کی جانب سے شو کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، جس میں پیمرا سمیت پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے شو کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

ریئلٹی شو کو مشی خان اور فضا علی نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ یہ شو پاکستانی اقدار کے خلاف ہے اور اس سے نوجوان نسل کی ذہن سازی ڈیٹنگ اور فحاشی کی جانب کی جارہی ہے۔

حال ہی میں ’لازوال عشق‘ کی 14 ویں قسط نشر کی گئی، جس میں ایک مرد اور خاتون شرکا کے درمیان جذباتی منظر دکھایا گیا، قسط میں جنید اپنی والدہ کو یاد کر رہا تھا اور جذباتی گفتگو کر رہا تھا، جسے دوسری شرکا جنت سن رہی تھی اور وہ سن کر جذباتی ہو کر رونے لگتی ہے۔

اس کے بعد جنید اور جنت ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں، جنید جنت کو چپ کرانے کی کوشش کرتا ہے اور اس دوران اس کے سر پر کئی بار بوسہ دیتا ہے اور کافی دیر تک اسے گلے لگائے رکھتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے شرکا کے درمیان کی قربت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

صارفین نے لکھا کہ اس شو کا نام تبدیل کرکے ’بے شرم عشق‘ رکھ دینا چاہیے، جب کہ دیگر نے اس قسم کے پروگرام کے حق میں لوگوں کے لیے تنقید کی۔