دنیا

امریکی اپیل کورٹ نے ٹرمپ کو پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈز تعینات کرنے کی اجازت دے دی

ریکارڈ کا ابتدائی جائزہ لینے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ صدر نے ریاست کی نیشنل گارڈ کو وفاق کے ماتحت لانے میں قانونی اختیارات کو درست طور پر استعمال کیا، عدالتی فیصلہ

امریکی اپیل کورٹ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اورِیگن کے گورنر کی مخالفت کے باوجود پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈ کے دستے بھیجنے کا اختیار حاصل تھا۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ریکارڈ کا ابتدائی جائزہ لینے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ غالب امکان ہے کہ صدر نے ریاست کی نیشنل گارڈ کو وفاق کے ماتحت لانے میں اپنے قانونی اختیارات کو درست طور پر استعمال کیا۔

یہ فیصلہ 200 اہلکاروں کی تعیناتی کی راہ ہموار کرتا ہے، جو وفاقی عمارتوں کی حفاظت کریں گے، جہاں حکام کے مطابق جن میں سے جانوروں کی تھیم والے لباس پہنے مظاہرین امیگریشن قوانین کے نفاذ میں رکاوٹ ڈال رہے تھے۔

پورٹ لینڈ، شکاگو کے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیوں کے نئے مرکزی مقامات بن گئے ہیں جو لاس اینجلس، واشنگٹن اور میمفس میں دستوں کی تعیناتی کے بعد عمل میں آئی ہیں۔

ان چھاپوں کے دوران نقاب پوش اور مسلح افراد بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور بکتر بند ٹرکوں میں رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے ہیں۔