گلوکار کو عام شخص سمجھ کر انٹرویو، علی ظفر کی ویڈیو وائرل
گلوکار و اداکار علی ظفر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں انہیں عام شخصیت سمجھ کر سوالات کیے گئے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر ایک نیا رجحان تیزی سے مقبول ہورہا ہے، جس میں انفلوئنسرز یا مختلف سوشل میڈیا پیجز عام شہریوں سے سڑکوں پر چلتے پھرتے دلچسپ سوالات کرتے ہیں، اسی طرز کا ایک واقعہ علی ظفر کے ساتھ بھی پیش آیا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے، جس میں ’خان جرنی‘ نامی ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے امریکا میں موجود علی ظفر سے عام شخص سمجھ کر مختلف سوالات کیے۔
ویڈیو میں علی ظفر نے اپنی پہچان ظاہر نہیں کی اور انتہائی باوقار انداز میں تمام سوالات کے جوابات دیے۔
جب ان سے اپنا تعارف کرانے کو کہا گیا تو علی ظفر نے کہا کہ وہ ایک فنکار، اداکار، گلوکار، نغمہ نگار اور پروڈیوسر ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ انہوں نے یہ پیشہ کیوں اختیار کیا، علی ظفر نے بتایا کہ ان کے نزدیک تخلیق، فن اور کچھ نہ ہونے سے کچھ بنا لینے کا تصور اور وہ لمحہ جو جادو پیدا کرتا ہے بہت شاندار ہوتا ہے۔
انٹرویو کرنے والے نے ان سے سوال کیا کہ وہ بہت کامیاب نظر آتے ہیں، اب یہ بتائیں کہ وہ اس مصروف اور کامیاب زندگی میں خود کو مستقل مزاج کیسے رکھتے ہیں؟ اس پر علی ظفر نے کہا کہ انسان کے پاس ہمیشہ بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، اسی لیے وہ خود پر، اپنے فن اور اپنے دل پر کام کرتے رہیں اور خود کو بہتر سے بہتر بناتے جائیں۔
جب ان سے ان کے لہجے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی ہیں اور پاکستانیوں کی خاصیت ہے کہ وہ اپنا لہجہ بدل لیتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ تین زبانیں روانی سے بول سکتے ہیں، اردو، پنجابی اور تھوڑی بہت انگریزی۔
جب ان سے کہا گیا کہ اپنی مقامی زبان میں دنیا بھر کے لوگوں کو کوئی مشورہ دیں، تو انہوں نے ایک لفظ ’ادب‘ کہا اور وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو دوسروں کے ساتھ ہمیشہ ادب و احترام سے پیش آنا چاہیے، بغیر یہ دیکھے کہ وہ کون ہے اور کہاں سے تعلق رکھتا ہے۔
علی ظفر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے اور صارفین ان کے باوقار رویے اور عاجزی کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔
کئی صارفین کا کہنا ہے کہ علی ظفر بے حد منکسر المزاج ہیں، جب کہ کچھ لوگ حیران ہیں کہ انٹرویو لینے والا اتنے مشہور فنکار کو کیسے پہچان نہیں سکا۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے کہا کہ یہ ویڈیو اسکرپٹڈ معلوم ہوتی ہے، تاہم کئی لوگوں نے اس خیال سے اختلاف کیا اور کہا کہ خان جرنی عام طور پر راہ چلتے لوگوں کے انٹرویو لیتے ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ انہوں نے علی ظفر کے انداز اور شخصیت سے متاثر ہوکر ان کا انٹرویو کیا ہو۔
ویڈیو میں علی ظفر کے لہجے سے متعلق جواب کو بھی صارفین نے خوب سراہا اور ان کی بات سے اتفاق کیا کہ اصل خوبصورتی لہجے میں نہیں بلکہ انسان کے اخلاق اور احترام میں ہوتی ہے۔