لائف اسٹائل

شادی کی جلدی نہیں لیکن کبھی نہ کبھی کروں گی، نوال سعید

ماضی میں اداکارہ نے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی حقیقی شادی ہو، انہیں شادی کرنے کی خواہش ہے۔

معروف اداکارہ نوال سعید نے ایک بار پھر کہا ہے کہ انہیں شادی کرنے کی جلدی نہیں ہے لیکن وہ کبھی نہ کبھی شادی ضرور کریں گی۔

نوال سعید ماضی میں بھی جلد شادی کے ارادے اور منصوبے کو مسترد کر چکی ہیں، وہ بتا چکی ہیں کہ انہیں شادی کرنے کی کوئی جلدی نہیں، وہ ابھی آزادی اور تنہا زندگی کے مزے لے رہی ہیں۔

جنوری 2025 میں بھی اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں شادی کی کوئی جلدی نہیں، تاہم 2023 میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی حقیقی شادی ہو، انہیں شادی کرنے کی خواہش ہے لیکن اب ایک بار پھر ان کا فوری شادی کرنے کا ارادہ نہیں۔

نوال سعید نے حال ہی میں ’نیوز 365‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ اداکاری سے قبل وہ شوقیہ طور پر فن پارے تیار کرتی تھیں جب کہ انہوں نے گلوکاری بھی کی لیکن بعد ازاں انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا۔

ان کے مطابق وہ تین بہن اور بھائی ہیں، ان سے بڑا بھی بھائی ہے اور ان سے چھوٹا بھی بھائی ہے، وہ اکلوتی بہن ہیں۔

ااکارہ کا کہنا تھا کہ ان سے چھوٹے بھائی ان سے عمر میں 9 سال کم عمر ہیں اور ان کے درمیان عمر میں بہت زیادہ فرق دیکھ کر لوگ بھی حیران ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے پسندیدہ ہدایت کار قاسم علی مرید ہی ہیں جب کہ پسندیدہ پروڈکشن ہاؤس کے جواب میں انہوں نے کسی پروڈکشن ہاؤس کا نام نہیں لیا۔

نوال سعید نے اپنی خوبصورتی پر بھی بات کی اور بتایا کہ وہ قدرتی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے بہت محنت نہیں کرتیں، سادہ اور تازہ غذا سمیت اپنی صحت کا خیال رکھتی ہیں جب کہ عام سن بلاک اور دوسری کریمیں استعمال کرتی ہیں۔

ہونے والے شریک حیات کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں بارعب اور دکھاوا کرنے والا مرد پسند نہیں، وہ ایسے لڑکے سے شادی کریں گی جو نفاست اور شائستگی پسند ہو۔

ان کے مطابق انہوں نے ہونے والے شوہر سے زیادہ توقعات نہیں رکھیں، وہ چاہتی ہیں کہ ان کا ہونے والا شہر باادب، مہربان اور عزت دینے اور لینے والا شخص ہو، ان میں کوئی مغروری نہ ہو۔

نوال سعید کا کہنا تھا کہ وہ سخت مزاج افراد کو پسند نہیں کرتیں بلکہ ایسا انسان چاہتی ہیں جس کے ساتھ ان کی زندگی پرسکون گزرے اور وہ شخص مثبت سوچ اور عزت دینے والا ہو۔

اسی دوران انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ وہ کبھی نہ کبھی شادی کریں گی اور ایسا نہیں ہے کہ انہیں شادی کی خواہش نہیں لیکن انہیں شادی کرنے کی کوئی جلدی نہیں۔