لائف اسٹائل

مردوں کی کمائی میں بھی برکت نہیں ہوتی، ثانیہ سعید

صائمہ قریشی نے ستمبر 2025 میں ایک بار پھر اپنے بیان کو دہرایا تھا کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔

سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے ساتھی اداکارہ صائمہ قریشی کے عورتوں کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مردوں کے پیسے بھی اڑ جاتے ہیں، ان کی کمائی میں بھی برکت نہیں ہوتی۔

صائمہ قریشی نے ستمبر 2025 میں ایک بار پھر اپنے بیان کو دہرایا تھا کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، کمانا عورت کا کام نہیں جب کہ وہ پہلے بھی بیان دے چکی تھیں۔

اب ثانیہ سعید نے صائمہ قریشی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نظر میں صائمہ قریشی کے پیسوں میں برکت ہے، نہ جانے کیوں انہیں اپنے پیسوں میں برکت نظر نہیں آتی؟

ثانیہ سعید نے ’ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صائمہ قریشی سے پوچھا جانا چاہیے کہ وہ ’برکت‘ کسے کہتی ہیں اور ان کی نظر میں ’برکت‘ کیا ہوتی ہے؟

ان کے مطابق یہ کہنا درست نہیں کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، خود صائمہ قریشی کی کمائی میں برکت ہے، ان کا کاروبار اچھا چل رہا ہے، انہوں نے بچوں کی تربیت بہتر کی ہے جب کہ ان کی صحت بھی صحیح ہے اور یہ کہ وہ جب،جو چاہیں، اپنے پیسوں سے اپنی مرضی کے مطابق کام کر سکتی ہیں، اس سے بڑی اور کیا برکت ہوگی؟

انہوں نے صائمہ قریشی کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بچوں کی تربیت بھی اچھی کی ہے اور وہ خود بھی اچھی ہیں لیکن ان کے بیان کا مقصد کچھ اور ہوگا، وہ عورت کی زندگی میں مرد کے حقیقی ساتھ کی بات کو پیسوں کی برکت سے جوڑتی ہوں گی۔

ان کے مطابق یہ سچ ہے کہ عورت کو بھی مرد کا حقیقی سہارا اور ساتھ چاہیے اور عین ممکن ہے کہ صائمہ قریشی کو ایسا ساتھ نہ ملنے پر یہ محسوس ہوتا ہو کہ ان کے پیسوں میں برکت نہیں۔

انہوں نے مثال دی کہ دیکھا جائے تو مردوں کے پیسے بھی اڑ جاتے ہیں، اگر کسی مرد نے اسٹاک ایکسچینج یا کسی دوسری جگہ سرمایہ کاری رکھی ہو اور وہاں نقصان ہوجائے تو کیا ہوگا؟

ثانیہ سعید کے مطابق مردوں کی کمائی میں بھی برکت نہیں، وہ زیادہ پیسے خرچ کرتے ہیں، ان کے پیسے بھی اڑ جاتے ہیں، ان کے نقصانات بھی ہوتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی کہ بات وہ عورت کر سکتی ہے، جس خاتون کے پیسے ان کا شوہر ہڑپ کر جاتا ہو۔

اسی بات پر انہوں نے کہا کہ بہت سارے مرد ایسے ہیں جو اپنی بیویوں کی کمائی بھی کھاتے ہیں، وہ ان پر تشدد بھی کرتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ سماجی تاریخی اعتبار سے دیکھا گیا ہے کہ پیسے کمانا، پیسے سنبھالنا اور پیسوں کے تمام معاملات کو دیکھنا مرد کا کام رہا ہے، اس لیے بہت ساری خواتین کو احساس محرومی ہو سکتی ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔

ثانیہ سعید کے مطابق ان کی نظر میں صائمہ قریشی کے پیسوں میں برکت ہے، اسی طرح ان کی اپنی کمائی میں بھی برکت ہے، وہ کسی مرد کی محتاج نہیں، ان کے پاس اپنے پیسے ہیں اور اپنے پیسوں سے وہ جب چاہیں، جو چاہیں کر سکتی ہیں۔