مجھے علیزے شاہ کی بہن کہنا بری بات نہیں، نزیہا زینب
مقبول ڈرامے ’جمع تقسیم‘ میں سدرہ کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والی ابھرتی ہوئی اداکارہ نزیہا زینب نے کہا ہے کہ انہیں اداکارہ علیزے شاہ کی بہن قرار دینا بری بات نہیں، انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔
نزیہا زینب نے حال ہی میں ’نیوز 365‘ کے مارننگ شو میں نادیہ خان سے بات کرتے ہوئے ڈرامے ’جمع تقسیم‘ کی کہانی اور کرداروں پر بھی بات کی۔
انہوں نے ڈرامے میں ساتھ کام کرنے والے اداکاروں کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ اچھے ہیں، ان کا خیال رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے ماورہ حسین کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ نہ صرف ڈرامے میں اچھا کام کر رہی ہیں بلکہ حقیقی زندگی میں بھی بہت اچھی ہیں۔
پروگرام کے دوران نزیہا زینب نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے میں ماریہ کا کردار ادا کرنے والی بچی ان کی حقیقی بہن ہے، ڈرامے میں بھی وہ ان کی بہن کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں علیزے شاہ سے اپنے موازنے کا زیادہ علم نہیں، انہوں نے اس بات پر زیادہ غور بھی نہیں کیا۔
نزیہا زینب کا کہنا تھا کہ اگر کوئی انہیں علیزے شاہ کی بہن کہے تو اس میں کوئی بری بات نہیں، انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
ان سے قبل علیزے شاہ نے بھی اسی معاملے پر بات کی تھی اور کہا تھا کہ ’جمع تقسیم‘ میں کام کرنے والی اداکارہ سے ان کا کوئی تعلق یا رشتہ نہیں۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کہا تھا کہ نزیہا زینب اداکارہ علیزے شاہ سے مشابہت رکھتی ہیں، حتیٰ کہ بعض نے انہیں علیزے شاہ کی چھوٹی بہن قرار دے دیا تھا۔
علیزے شاہ نے ایسی افواہوں کے بعد کہا تھا کہ نزیہا زینب سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور اب نئی اداکارہ نے بھی اس معاملے پر گفتگو کی ہے۔
’جمع تقسیم‘ ان دنوں ہم ٹی وی پر نشر ہورہا ہے اور ناظرین میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کررہا ہے، اس ڈرامے کے اداکاروں کو بھی خوب سراہا جارہا ہے، خاص طور پر سدرہ کے کردار کو بہت پسند کیا جا رہا ہے، جسے اپنے ہی گھر میں کزن کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مذکورہ کردار نزیہا زینب ادا کر رہی ہیں اوران کا یہ پہلا ڈراما ہے، تاہم پہلے ہی پروجیکٹ میں ان کی شاندار اداکاری نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔