ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کے خلاف جوئے کی تشہیر کے کیس میں اہم پیشرفت
جوئے کی ایپلی کیشن کی سوشل میڈیا پر تشہیر کے کیس میں عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر ساجدہ چوہدری نے عروب جتوئی کی ضمانت کی مدت ختم ہونے پر ان کی عدالت میں پیشی کے دوران درخواست کی سماعت کی۔
عدالت نے سماعت کے دوران عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 6 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر کیس سے متعلق جامع رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔
ڈکی بھائی 20 اگست سے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تحویل میں ہیں۔
ایجنسی نے ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
ملزمان مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی جوئے کے نیٹ ورک کے رکن ہیں اور بھاری رقوم کے عوض سوشل میڈیا پر جوئے کی ایپلی کیشنز کی تشہیر کر رہے تھے۔
یوٹیوبر اب بھی عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں کیونکہ ان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں جوڈیشل مجسٹریٹ اور سیشن کورٹ دونوں نے مسترد کر دی تھیں۔
اسی کیس میں گزشتہ ہفتے این سی سی آئی اے نے ڈکی بھائی اور دیگر کے خلاف چالان ڈسٹرکٹ کورٹ میں جمع کرایا جس میں ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور ان کے منیجر سبحان کو مرکزی ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔
چالان کے مطابق ڈکی بھائی نے جسمانی ریمانڈ کے دوران آن لائن جوئے کو فروغ دینے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ جوئے کی تشہیر سے انہوں نے کروڑوں روپے کمائے، جب کہ ان کے دو بینک اکاؤنٹس سے 21 کروڑ روپے برآمد ہوئے۔
چالان میں مزید بتایا گیا کہ عروب جتوئی بھی جوئے کی تشہیر کی سرگرمیوں میں ملوث تھیں۔