شمعون عباسی کے دعوے پر ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کے لکھاری سید نبیل کا موقف سامنے آگیا
ڈراما سیریل ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کے متعلق شمعون عباسی کے دعوے پر اب ڈرامے کے لکھاری سید نبیل کا موقف سامنے آگیا ہے۔
ڈراما سیریل ’جن کی شادی ان کی شادی‘ ہم ٹی وی پر نشر ہو رہا ہے، جس کی کہانی ہارر کامیڈی ہے اور اس نے اپنی منفرد نوعیت کی وجہ سے ناظرین میں کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔
’جن کی شادی ان کی شادی‘ کی کامیابی کا راز اس کی دلچسپ کہانی اور کرداروں کی بہترین پرفارمنس میں پوشیدہ ہے۔
قبل ازیں شمعون عباسی نے ایک فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کا اصل آئیڈیا اور عنوان ان کا ہی تخلیق کردہ ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ڈرامے کی کہانی انہوں نے سید نبیل کو سنائی تھی، جنہوں نے اسے تحریری شکل دی۔
شمعون عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ خود اس ڈرامے کی ہدایتکاری کرنا چاہتے تھے، مگر آخرکار یہ موقع سیفی حسن کو ملا۔
اداکار سید جبران نے اپنے یوٹیوب چینل پر ڈرامے کے مصنف سید نبیل سے گفتگو کی، جہاں انہوں نے شمعون عباسی کے دعوے اور ڈرامے کی مقبولیت پر گفتگو کی۔
سید نبیل نے اس بات کی تصدیق کی کہ شمعون عباسی کا دعویٰ درست ہے کیونکہ آئیڈیا ان کا ہی تھا، لیکن اسکرپٹ لکھنے کا کام ایک الگ عمل ہے جس میں کرداروں کی تخلیق، ڈائیلاگ لکھنا اور کہانی کا تسلسل سب شامل ہوتا ہے، جو کہ صرف ایک ماہر لکھاری ہی کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمعون عباسی کی خواہش تھی کہ وہ اس ڈرامے کی ہدایتکاری کرتے، مگر کچھ اندرونی معاملات کی وجہ سے ایسا نہ ہو سکا اور پھر یہ ذمہ داری سیفی حسن نے سنبھالی، جنہوں نے اس کی بہترین ہدایتکاری کی۔
سید نبیل کے مطابق ڈرامے کی کہانی میں کسی بھی قسم کا اتار چڑھاؤ نہیں ہے اور تنازعات ہمیشہ لوگوں کے اپنے بنائے ہوتے ہیں، جس کا جو بھی کریڈٹ ہوتا ہے، وہ اسے مل ہی جاتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈرامے کی کامیابی کا اندازہ اس کے شروع ہونے سے پہلے نہیں لگایا جا سکتا اور ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کی کامیابی کا سہرا سب کو جاتا ہے، شمعون عباسی کا آئیڈیا تھا، اسکرپٹ انہوں نے لکھا، ہدایتکاری سیفی حسن نے کی اور اداکاروں نے بہترین پرفارمنس دی، جس کی وجہ سے یہ ایک کامیاب ڈراما بن گیا۔