دنیا

10 کھرب ڈالر کے سیلری پیکج کی عدم منظوری پر ایلون مسک ٹیسلا چھوڑ سکتے ہیں

مجوزہ کارکردگی پر مبنی منصوبہ ایلون مسک کو برقرار رکھنے اور انہیں کم از کم مزید ساڑھے 7 سال تک ٹیسلا کی قیادت جاری رکھنے کی ترغیب دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، چیئر ٹیسلا ڈین ہولم

ٹیسلا کی چیئر روبن ڈین ہولم نے پیر کو شیئر ہولڈرز کو لکھے گئے خط میں خبردار کیا ہے کہ اگر ایلون مسک کے لیے مجوزہ 10 کھرب ڈالر مالیت کے معاوضے کے پیکج کی منظوری نہ دی گئی تو وہ بطور سی ای او ٹیسلا چھوڑ سکتے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ اپیل 6 نومبر کو ہونے والے سالانہ اجلاس سے قبل سامنے آئی ہے، جب کہ ٹیسلا کے بورڈ کو طویل عرصے سے اس بات پر تنقید کا سامنا ہے کہ وہ شیئر ہولڈرز کے مفادات کا درست طور پر تحفظ نہیں کر رہا اور گورننس کے ماہرین و ایڈووکیسی گروپ اس کی آزادی اور ایلون مسک کے اثر و رسوخ پر نگرانی کے حوالے سے سوالات اٹھا رہے ہیں۔

روبن ڈین ہولم نے اپنے خط میں کہا کہ مجوزہ کارکردگی پر مبنی منصوبہ ایلون مسک کو برقرار رکھنے اور انہیں کم از کم مزید ساڑھے 7 سال تک ٹیسلا کی قیادت جاری رکھنے کی ترغیب دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایلون مسک کی قیادت ٹیسلا کی کامیابی کے لیے ’انتہائی اہم‘ ہے، اور خبردار کیا کہ اگر ایسا منصوبہ نہ ہوا جو انہیں مناسب ترغیب دے، تو کمپنی ان کی توجہ، صلاحیت اور وژن سے محروم ہو سکتی ہے، ان کے بقول چونکہ ٹیسلا مصنوعی ذہانت اور خودکار ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما بننے کی کوشش کر رہا ہے، اس لیے ایلون مسک کا کردار نہایت کلیدی ہے۔

مجوزہ پیکج کے تحت ایلون مسک کو 12 مراحل میں شیئر آپشنز دیے جائیں گے جو بلند اہداف سے منسلک ہوں گے، جن میں 85 کھرب ڈالر کی مارکیٹ کیپ حاصل کرنا اور خودکار ڈرائیونگ و روبوٹکس کے شعبوں میں سنگ میل طے کرنا شامل ہے۔

روبن ڈین ہولم کے خط میں اس پیکج کو مسک کے مفادات کو شیئر ہولڈرز کی قدر اور طویل مدتی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے، انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ طویل عرصے سے ایلون مسک کے ساتھ تین مرتبہ کام کرنے والے ڈائریکٹرز کو دوبارہ منتخب کریں۔

ٹیسلا کا بورڈ کئی سالوں سے ایلون مسک کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کی وجہ سے جانچ کے دائرے میں ہے، رواں سال کے آغاز میں ایک امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت نے 2018 میں ایلون مسک کو دیا گیا معاوضہ پیکج یہ قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا تھا کہ وہ غیر مناسب طور پر منظور کیا گیا تھا اور ایسے ڈائریکٹرز نے مذاکرات کیے تھے جو مکمل طور پر آزاد نہیں تھے۔