آسٹریلیا: پُرتعیش کروز جہاز کی تفریحی جزیرے پر رہ جانے والی بوڑھی مسافر مردہ پائی گئیں
آسٹریلیا کے گرد 60 روزہ پُرتعیش کروز سفر پر جانے والی 80 سالہ خاتون مسافر ایک جزیرے پر پیچھے رہ جانے کے بعد مردہ حالت میں ملی ہیں۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، انہیں ہفتے کی شب لاپتا قرار دیا گیا تھا، جب عملے نے یہ تصدیق کی کہ وہ چھوٹے کروز جہاز ’کورل ایڈونچرر‘ پر سوار نہیں تھیں۔
یہ جہاز ہفتے کے روز لیزرڈ آئی لینڈ پر رُکا تھا، جو کوئنزلینڈ کے ساحل سے تقریباً 30 کلومیٹر (19 میل) کے فاصلے پر واقع ایک پُرکشش تفریحی جزیرہ ہے، جو اپنی قدرتی خوبصورتی اور پُرتعیش رہائش کے لیے مشہور ہے۔
کوئنزلینڈ پولیس نے تصدیق کی کہ خاتون کی لاش اتوار کے روز لیزرڈ آئی لینڈ پر ملی، اور ان کی موت کو ’اچانک مگر غیر مشتبہ‘ قرار دیا، تاہم یہ واضح نہیں کہ ان کی موت کب ہوئی اور یہ بھی معلوم نہیں کہ جہاز روانہ ہوتے وقت کسی نے یہ کیوں نہیں نوٹ کیا کہ وہ سوار نہیں ہوئیں۔
ریکارڈز کے مطابق کورل ایڈونچرر کی گنجائش 120 مسافروں اور 46 عملے کے ارکان کی ہے، اس نے 24 اکتوبر کو کیرنز کی بندرگاہ سے سفر شروع کیا تھا۔
لیزرڈ آئی لینڈ اس 80 ہزار آسٹریلین ڈالر (50 ہزار امریکی ڈالر) کے کروز کا پہلا پڑاؤ تھا، جس نے مسافروں کو آسٹریلیا کے شمالی حصے کیپ یارک ) سے ہوتے ہوئے مغربی ساحل تک لے جانا تھا۔
کروز کمپنی کورل ایکسپیڈیشنز اس جزیرے کو ایک مقام کے طور پر پیش کرتی ہے، جہاں مسافر تیر سکتے ہیں، اسنارکلنگ کر سکتے ہیں یا ’کُکس لک‘ تک پیدل سفر کر کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
یہ واضح نہیں کہ وہ معمر خاتون ان سرگرمیوں میں سے کسی میں شریک ہوئی تھیں یا نہیں۔
یہ کمپنی 40 سال سے زائد عرصے سے کام کر رہی ہے، اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے گرد کروز سروسز فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کے سی ای او مارک فائیفیلڈ نے ایک بیان میں کہا کہ عملے نے خاتون کی گمشدگی کا پتا چلنے کے بعد زمین اور سمندر، دونوں پر تلاش شروع کی۔
اے ایم ایس اے کے مطابق، جہاز کے کپتان نے جب ہفتے کی رات 9 بجے خاتون کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی تو کوئنزلینڈ پولیس کے ساتھ مل کر تلاش شروع کی گئی۔
پولیس نے کہا کہ خاتون کو ’ہفتے کے روز کوئنزلینڈ کے ساحلی پانیوں میں ایک جہاز پر سوار نہ ہونے کے بعد لاپتا‘ رپورٹ کیا گیا تھا۔
اے ایم ایس اے کا کہنا ہے کہ جب جہاز ڈارون کی بندرگاہ پر پہنچے گا تو عملے سے پوچھ گچھ کی جائے گی، بندرگاہ کے شیڈول کے مطابق، جہاز 2 نومبر کو وہاں پہنچنے کی توقع ہے۔
فائیفیلڈ نے کہا کہ ہمیں اس واقعے پر گہرا افسوس ہے۔
کورل کی ٹیم خاتون کے اہلِ خانہ سے رابطے میں ہے، اور ہم اس مشکل وقت میں انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔