آبا و اجداد کا تعلق پشاور سے تھا، وہاں جانے کے لیے ترس رہا ہوں، انیل کپور
بولی وڈ کے معروف اداکار انیل کپور کی پرانی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں وہ بتاتے نظر آتے ہیں کہ ان کے آبا و اجداد کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا (کے پی) کے دارالحکومت پشاور سے تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کو دیے گئے ان کے انٹرویو کے دوران بنائی گئی کلپ ہے۔
انیل کپور نے اکتوبر 2022 میں بی سی سی اردو کو لندن اسٹوڈیو میں انٹرویو دیا تھا، جس دوران رپورٹر سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان سے متعلق اپنے تعلق پر بات کی تھی۔
ان کی وائرل ہونے والی ویڈیو کو تین سال قبل بی بی سی اردو نے یوٹیوب پر شیئر بھی کیا تھا، جس میں انیل کپور کو رپورٹر سے اردو انداز میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مختصر ویڈیو میں انیل کپور بی بی سی کے صحافی سے سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ ان کا تعلق کہاں سے ہے؟ جس پر صحافی انہیں بتاتے ہیں کہ اب تو وہ لندن میں مقیم ہیں لیکن ان کا اصل تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے ہے۔
صحافی کی جانب سے پشاور کا بتائے جانے پر انیل کپور نے انہیں بتایا کہ دراصل وہ بھی پشاور سے ہیں، ان کے دادا کا تعلق وہیں سے تھا۔
انیل کپور نے صحافی کو بتایا تھا کہ ان کے دادا پشاور کی لاہوٹی گلی کے علاقے میں رہتے تھے۔
بولی وڈ اداکار کی بات پر صحافی نے بھی انہیں پشاور میں اپنے علاقے کا نام بتایا اور ساتھ ہی انہیں وہاں آنے کی دعوت بھی دی۔
پاکستانی صحافی کی دعوت پر انیل کپور نے کہا تھا کہ وہ تو پاکستان جانے اور پشاور میں اپنے آباو و اجداد کا گھر دیکھنے کے لیے ترس رہے ہیں۔
انیل کپور پہلے بھی پاکستان سے اپنے تعلق پر بات کرتے رہے ہیں اور بتاتے رہے ہیں کہ وہ پاکستان جانے کے لیے ترس رہے ہیں۔
سال 2016 میں بھی انہوں نے ’وائس آف امریکا اردو‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پشاور سے اپنے تعلق کی بات کرتے ہوئے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
انیل کپور سمیت دوسرے متعدد معروف بھارتی اداکاروں کے آبا و اجداد کا تعلق بھی پاکستان سے ہے اور کئی اداکار اس پر کھل کر گفتگو بھی کرتے رہے ہیں۔
اس دور کے معروف بھارتی اداکاروں کو آباو و اجداد تقسیم ہند سے قبل حالیہ پاکستانی علاقوں میں آباد تھے لیکن تقسیم کے بعد وہ ہجرت کرکے حالیہ بھارت چلے گئے۔