اداکارہ ہونے کے باوجود والدہ میری اداکاری کے خلاف تھیں، رابعہ کلثوم
اداکارہ رابعہ کلثوم نے کہا ہے کہ والدہ پروین اکبر خود اداکارہ ہیں لیکن انہوں نے انہیں اداکاری کی اجازت نہیں دی، وہ ان کے اداکاری کے شوق سے ناخوش تھیں۔
رابعہ کلثوم نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ وہ اب ایسا کوئی کردار ادا نہیں کریں گی، جس میں انہیں چہرہ یا شناخت چھپانے کا کہا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ کیریئر کے ایسے موڑ پر ہیں، جہاں ان کے لیے یہ چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، وہ نقاب لگا کر یا اپنی شناخت کو خفیہ رکھ کر کوئی کردار ادا نہیں کریں گی۔
رابعہ کلثوم نے اسی دوران یہ شکایت بھی کی کہ انہیں تو ان کرداروں پر بھی کریڈٹ نہیں دیا گیا جن کرداروں کو ادا کرتے وقت ان کی شناخت ظاہر تھی۔
اداکارہ نے شکوہ کیا کہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری میں جب بھی کسی کو کریڈٹ دینے کی بات آتی ہے تو ہر کوئی منہ موڑ لیتا ہے، متعدد اداکاروں کو ان کا جائز کریڈٹ یا صلہ نہیں ملتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے متعدد ایسے کردار ادا کیے ہیں، جن پر زبردست بحث ہونی چاہیے تھی، ان کا نام ہر طرف گونجتا لیکن ایسا نہیں ہوا، انہیں ان کے کام پر کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ایسا بھی ہوتا رہا ہے کہ کبھی کبھار ڈرامے کی کاسٹ میں اس کا نام تک شامل نہیں کیا گیا جب کہ مرکزی کردار ادا کرنے کے باوجود بعض مرتبہ ان کا نام اداکاروں کی فہرست میں سب سے نیچے لکھا گیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا گیا کہ بعض اوقات ڈراموں کے جن ناموں پر اتفاق کیا گیا، ان کا نام بھی تبدیل کردیا گیا اور یہ معاملات ان کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
رابعہ کلثوم کے مطابق چوں کہ وہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں، اس لیے ان کے لیے ایسی بہت ساری باتیں اور چیزیں اہمیت رکھتی ہیں لیکن انہیں بہت ساری چیزوں کا کریڈٹ نہیں دیا جاتا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی ڈرامے کے ٹائٹل پیج یا پرومو فوٹو میں ان کی تصویر نہ ہونے کا دھوکا ان کے ساتھ کبھی نہیں ہوا، کیریئر کے آغاز میں ان کے ساتھ ایسا ہوتا تھا لیکن اس وقت وہ جائز تھا، کیوں کہ اس وقت وہ نئی تھیں۔
اداکاری تاخیر سے شروع کرنے کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ والدہ ہی ان کی اداکاری کی مخالفت کرتی رہیں، وہ انہیں شوبز میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ اداکارہ پروین اکبر نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی اداکاری کرے، وہ ہمیشہ انہیں پہلے تعلیم مکمل کرنے اور پھر شادی کرنے کی ہدایت کرتی رہتی تھیں۔
رابعہ کلثوم نے کہا کہ انہوں نے والدہ کی خواہش کے مطابق پہلے تعلیم مکمل کی، پھر شادی مکمل کی، جس کے بعد شوہر نے انہیں اداکاری کی اجازت دی، جس وجہ سے وہ شوبز میں تاخیر سے آئیں۔