لائف اسٹائل

عاصم اظہر سے ایک بار پھر ہانیہ عامر کے تعلقات کی خبریں وائرل

دونوں کو کبھی پاکستان کی سب سے مقبول جوڑی مانا جاتا تھا، ان کے تعلقات کو 2018 سے 2019 تک بے حد توجہ ملی، لیکن 2020 میں دونوں نے الگ راستے اختیار کیے۔

گلوکار عاصم اظہر کے البم کے پریویو میں اداکارہ ہانیہ عامر کی جھلک نے سوشل میڈیا پر ان کے تعلقات سے متعلق افواہوں کو مزید شدت دے دی۔

عاصم اظہر کی میرب علی سے منگنی ختم ہونے کے بعد سے ان کے اور ہانیہ عامر کے درمیان تعلقات قائم ہونے کی افواہیں دوبارہ گردش کرنے لگی ہیں۔

یہ قیاس آرائیاں اس بات کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں کہ دونوں کو کئی تقریبات میں دیکھا گیا اور ہانیہ عامر نے گزشتہ دنوں عاصم اظہر کے کنسرٹ میں بھی شرکت کی۔

حال ہی میں عاصم اظہر نے اپنی انڈیپینڈنٹ البم ’عاصم علی‘ ریلیز کرنے کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔

ویڈیو میں صارفین کی توجہ کا مرکز عاصم اظہر کی چھ سال پرانی ریمپ واک کے دوران ہانیہ عامر کے ساتھ پرفارمنس کی جھلک تھی، جو ان کے نئے البم کے گانے ‘لوسٹ اینڈ فاؤنڈ’ کے پریویو میں شامل کی گئی، پریویو میں ہانیہ عامر کو ریمپ واک کرتے ہوئے دکھایا گیا، جب کہ عاصم اظہر گانا گنگنا رہے تھے۔

ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کو کبھی پاکستان کی سب سے مقبول جوڑی مانا جاتا تھا، ان کے تعلقات کو 2018 سے 2019 تک بے حد توجہ ملی، لیکن 2020 میں دونوں نے الگ راستے اختیار کیے اور اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ صرف دوست ہیں۔

بعد ازاں عاصم اظہر کی میرب علی سے منگنی اور پھر علیحدگی بھی ہوگئی۔

چونکہ عاصم اظہر کی میرب علی سے منگنی ختم ہو گئی ہے اور دونوں کئی مواقع پر ایک ساتھ نظر آ چکے ہیں، اس لیے صارفین نے ان کے ہانیہ عامر کے ساتھ ممکنہ ری یونین پر قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں۔

بیشتر صارفین کا ماننا ہے کہ دونوں کے درمیان ایک بار پھر تعلقات قائم ہو چکے ہیں، جب کہ کچھ نے کہا کہ کسی اور کی زندگی برباد کرنے سے یہ فیصلہ بہتر ہے۔

بعض صارفین نے یہ بھی کہا کہ لکھاریوں کو ان دونوں کے تعلق سے متاثر ہو کر کوئی کہانی لکھنی چاہیے۔

ابھی تک عاصم اظہر یا ہانیہ عامر میں سے کسی نے بھی اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، اس لیے فی الحال یہ کہنا ممکن نہیں کہ دونوں کے درمیان تعلقات واقعی دوبارہ قائم ہوئے ہیں یا نہیں۔