لائف اسٹائل

ڈراما ’سنو چندا‘ کا تیسرا سیزن کب آئے گا؟ فرحان سعید نے بتادیا

گلوکار نے کنسرٹس کے دوران گلوکاروں کے غصے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کئی وجوہات ہوتی ہیں۔

اداکار و گلوکار فرحان سعید نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ماضی کے مقبول ڈرامے ’سنو چندا‘ کا تیسرا سیزن ضرور آئے گا۔

فرحان سعید نے حال ہی میں تابش ہاشمی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

پروگرام میں ان سے سوال کیا گیا کہ اگر کسی عالمی ایونٹ میں انہیں پاکستانی کی نمائندگی کے لیے کسی اداکار یا اداکارہ کا انتخاب کرنے کا موقع ملے تو وہ کس کا انتخاب کریں گے؟

فرحان سعید نے جواب دیا کہ وہ ماہرہ خان اور فواد خان کو منتخب کریں گے کیونکہ وہ پاکستان کی بہترین نمائندگی کرتے ہیں اور لوگوں میں ان کی مقبولیت بھی بہت زیادہ ہے۔

گلوکار نے کنسرٹس کے دوران گلوکاروں کے غصے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کئی وجوہات ہوتی ہیں۔

ان کے مطابق کبھی کبھار جب گلوکار پرفارم کر رہے ہوتے ہیں تو وہ اتنے پرجوش ہو جاتے ہیں کہ انہیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا ردعمل دے رہے ہیں، اس کے علاوہ بعض اوقات جب شائقین میں سے کوئی فیملی یا کسی اور کے ساتھ بدتمیزی کرتا ہے تو گلوکار کو غصہ آ جاتا ہے کیونکہ وہ اسٹیج سے سب کچھ واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔

فرحان سعید نے سنو چندا کے تیسرے سیزن کے حوالے سے کہا کہ ڈراما کچھ وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، لیکن وہ ضرور آئے گا، تاہم کب آئے گا اس بارے میں انہیں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

’سنو چندا‘ کا شمار پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں ہوتا ہے، یہ ڈراما ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، جس کا پہلا سیزن 2018 اور دوسرا سیزن 2019 میں پیش کیا گیا۔

ڈرامے کی کہانی فرحان سعید اور اقرا عزیز کی خاندانی شادی اور اس میں پیش آنے والی رکاوٹوں کے گرد گھومتی ہے، تاہم اس میں دیگر کہانیاں بھی مؤثر انداز میں دکھائی گئیں تھیں۔

شائقین نے ’سنو چندا‘ کے دونوں سیزنز کو بہت پسند کیا اور اسے رمضان ڈراما کے طور پر نشر کرنے کی وجہ سے بھی کافی شہرت ملی۔

طویل عرصے سے افواہیں ہیں کہ ’سنو چندا‘ کا تیسرا سیزن بھی بنایا جائے گا اور جولائی میں فرحان سعید نے اس کا اسکرپٹ لکھے جانے کی بھی تصدیق کی تھی۔