دہلی ہائی کورٹ نے ’دی تاج اسٹوری‘ پر پابندی کی درخواستیں مسترد کردیں
بھارتی دارالحکومت کی دہلی ہائی کورٹ نے اداکار پریش راول کی آنے والی فلم ’دی تاج اسٹوری‘ کی ریلیز روکنے کے لیے دائر دو درخواستوں کو سننے سے انکار کرتے ہوئے درخواستیں خارج کردیں۔
عدالت نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا کہ وہ سینمٹاگرافی ایکٹ کی دفعہ 6 کے تحت مرکزی حکومت سے رجوع کریں، عدالت سپر سینسر بورڈ کا درجہ نہیں رکھتی۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس تشار راؤ گیڈیلا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ عدالت سپر سینسر بورڈ نہیں۔
جب درخواست گزاروں کے وکلا نے فلم سینسر بورڈ کو فلم کا ڈس کلیمر تبدیل کرنے کی ہدایت دینے کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے کہا ہماری حدود کو سمجھیں، ہم سپر سینسر بورڈ نہیں، فلم ایکٹ کے تحت مکمل قانونی راستہ موجود ہے، اسے استعمال کریں۔
درخواست گزاروں نے اپنی درخواستیں واپس لینے کی اجازت مانگی تو عدالت نے انہیں مرکزی حکومت سے رجوع کرنے کی آزادی دے دی، جس کے بعد عدالت سے دونوں درخواستیں خارج ہوگئیں
دائر کردہ ایک درخواست ایڈووکیٹ شکیل عباس نے دائر کی تھی، جنہوں نے فلم کو ’جعلی حقائق پر مبنی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ فلم کا مقصد مختلف برادریوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے فلم کے ٹیزر اور پوسٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست میں لکھا کہ فلم کے پوسٹرز اور ٹیزرز میں تاج محل کے گنبد کو اٹھا کر بھگوان شیو کی تصویر دکھائی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ فلم آنجھانی مورخ پی این اوک کی متنازع نظریات کو فروغ دیتی ہے جو تاج محل کو شیو مندر قرار دیتے تھے۔
درخواست گزار نے عدالت سے سینسر فلم بورڈ کو ہدایت دینے کی استدعا کی کہ وہ سرٹیفیکیشن کا جائزہ لے اور فلم میں نمایاں ڈس کلیمر شامل کیا جائے کہ ’یہ متنازع بیانیہ ہے، تاریخی حقیقت نہیں‘۔
دوسری درخواست بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر راجیشور سنگھ نے دائر کی تھی، جو ایودھیا سے تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے 2022 میں تاج محل کی 22 بند کمروں کو کھولنے کے لیے دائر کی گئی اپنی پرانی درخواست کا حوالہ دیا اور کہا کہ فلم میں ان کی درخواست کے موضوع کو ’بغیر اجازت استعمال‘ کیا گیا جو ان کے ’دانشورانہ اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی‘ ہے۔
عدالت نے سماعت کے بعد دونوں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو مرکزی حکومت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔
’دی تاج اسٹوری‘ ایک کورٹ روم ڈراما ہے جس میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ دراصل تاج محل مغل بادشاہ نے تعمیر نہیں کروایا بلکہ وہ بھگوان شیو کا مندر تھا، جس پر قبضہ کرکے اسے تاج محل قرار دیا گیا۔
فلم میں پریش راول نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں امریتا خانولکر، سنیہا واگھ، نمت داس اور ذاکر حسین شامل ہیں۔
فلم کی موسیقی روحت شرما اور راہل دیو ناتھ نے ترتیب دی ہے، فلم کی پروڈکشن سوارنم گلوبل سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ اور سی اے سوریش جھا کر رہے ہیں، فلم کو جلد ہی سینماؤں میں پیش کیا جائے گا۔