لائف اسٹائل

’عشق مرشد‘ ڈراما مقررہ اقساط سے زیادہ پیش کیا گیا، ہدایت کار فاروق رند کا اعتراف

’عشق مرشد‘ اکتوبر 2023 سے مئی 2024 تک ہم ٹی وی پر نشر ہوا، جب کہ اس کا گانا ’تیرا میرا پیار ہے امر‘ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوا تھا۔

ماضی کی مقبول ڈرامے ’عشق مرشد‘ کے ہدایت کار فاروق رند نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے ڈرامے کا اختتام 26 اقساط پر ہونا تھا لیکن پروڈیوسر کی فرمائش پر اس کی اقساط بڑھا کر 30 کی گئی تھیں۔

’عشق مرشد‘ اکتوبر 2023 سے مئی 2024 تک ہم ٹی وی پر نشر ہوا، جب کہ اس کا گانا ’تیرا میرا پیار ہے امر‘ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوا تھا۔

ڈرامے میں ’بھلے‘ کا ڈائلاگ بولنے والے اداکار علی گل ملاح کا کردار بھی پسند کیا گیا تھا جب کہ درفشاں سلیم اور بلال عباس کی مرکزی جوڑی کو بھی بے حد سراہا گیا تھا۔

اس کی کہانی عبدالخالق خان نے لکھی تھی، اسے مومل پروڈکشن نے پروڈیوس کیا تھا جب کہ فاروق رند نے اس کی ہدایات دی تھیں۔

اب فاروق رند نے ڈرامے کی کامیابی، کہانی اور دوسرے حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کے ڈرامے کی کل 26 قسطیں تھیں لیکن پروڈیوسر کی فرمائش پر اس کی قسطیں بڑھائی گئیں۔

’نیوز 365‘ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ پروڈیوسر مومل نے انہیں کہا کہ انہوں نے ڈرامے کی قسطیں 30 تک نشر کرنے کا معاہدہ کر رکھا ہے، اس لیے اس کی قسطیں بڑھائی جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ لکھاری نے کل 26 قسطوں کا مواد لکھا تھا اور جب انہوں نے ان سے رابطہ کیا تو لکھاری نے انہیں جواب دیا کہ یہاں تک بھی خود چلایاہے، آگے بھی خود چلا لیں۔

فاروق رند کا کہنا تھا کہ وہ مانتے ہیں کہ ہدایت کار ڈرامے میں اپنی چیزیں شامل کرتے ہیں لیکن اہم اور بڑا کام لکھاری ہی کرتے ہیں۔

ان کے مطابق انہوں ںے پروڈیوسر کی فرمائش پر ڈرامے کی قسطیں بڑھائیں، جس وجہ سے اختتام پر ڈراما کچھ بور بھی کرنے لگا تھا۔

انہوں نے ڈرامے کی کامیابی کا سب سے بڑا کریڈٹ بلال عباس کو دیا، جس کے بعد انہوں نے دیگر اداکاروں کو بھی کریڈٹ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلال عباس خان، در فشاں سلیم اور علی گل ملاح سمیت دیگر اداکاروں کی شاندار اداکاری نے ڈرامے کو کامیاب بنایا اور پروڈیوسر کی جانب سے ہدایت کار کو آزادی دینے سے بھی ڈراما بہتر بنا۔