لائف اسٹائل

طلاق کی افواہوں کے بعد فیروز خان کی اہلیہ نے خبروں کو جعلی قرار دے دیا

مختلف شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے زینب فیروز کی انسٹاگرام اسٹوری کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا تھا، جس میں ان کی طلاق کی بات کی گئی تھی۔

معروف اداکار فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب نے خود سے منسوب طلاق لینے کے انسٹاگرام اسکرین شاٹ وائرل ہونے کے بعد خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پیجز جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔

فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب نے سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کردہ اپنی مبینہ اسٹوری کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایسی اسٹوری شیئر ہی نہیں کی۔

انہوں نے لکھا کہ سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے ان کے نام سے شیئر کی جانے والی اسٹوری انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی، نہ ان کے فالورز کو نظر آئی لیکن سوشل میڈیا پیجز والوں نے دیکھ لی!۔

انہوں نے اپنے مداحوں اور فالوورز کو اپیل کی کہ وہ ایسے پیجز پر یقین نہ کریں اور یہ کہ وہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے ایسے شوبز سوشل میڈیا پیجز کی رپورٹ کریں۔

ڈاکٹر زینب فیروز نے لکھا کہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلا کر سوشل میڈیا پیجز لوگوں کو ذہنی پریشانی کا شکار بنا رہے ہیں، انہوں نے مداحوں کو اپیل کی کہ وہ پیجز کو رپورٹ کریں۔

شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کیے گئے مبینہ ڈاکٹر زینب فیروز کے اسکرین شاٹ میں طلاق کی بات کی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کردہ اسکرین شاٹ بظاہر زینب فیروز کا تھا، جس میں انہوں نے طلاق لینے کے فیصلے کا بتایا تھا۔

زینب فیروز کے نام سے وائرل اسکرین شاٹ میں بتایا گیا تھا کہ وہ اس مقام پر پہنچ چکی ہیں، جہاں تناؤ اور پریشانی مسلسل بڑھ رہی ہے، وہ ایک ایسے رشتے میں پھنسی ہوئی ہیں جو انہیں دکھ، تکلیف اور ان کی خود اعتمادی میں کمی کا سبب بن رہا ہے۔

ان کے نام سے انسٹاگرام اسٹوری کے اسکرین شاٹ میں لکھا گیا تھا کہ ہر بحث لڑائی کی طرح ہو چکا ہے، ان کے درمیان ہراختلاف جنگ بن جاتا ہے، انہوں نے نے بہت کوشش کی کہ ان کا رشتہ چلتا رہے لیکن اب وہ تھک چکی ہیں۔

زینب فیروز کے نام سے اسکرین شاٹ میں مزید لکھا گیا کہ اب وہ جھوٹا سکون نہیں دکھانا چاہتی، خوش رہنے کے لیے خود کو قربان نہیں کر سکتی، اس لیے انہوں نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے یہ فیصلہ اپنی خودداری، محبت اور احترام کے لیے کیا ہے۔

اسٹوری میں مزید لکھا گیا تھا اب وہ نیا باب شروع کر رہی ہیں،جہاں ان کی قدر ہو، انہیں عزت ملے اور وہ خود سے پیار کر سکیں، کیوں کہ وہ بہتر زندگی کی مستحق ہیں۔

ڈاکٹر زینب فیروز کی حالیہ مبینہ انسٹاگرام اسٹوری سے قبل بھی ان کی شوہر کے تشدد سے متعلق سبق آموز جب کہ فیروز خان کی اہلیہ سے زبردستی تعلقات رکھنے کی انسٹاگرام اسٹوریز وائرل ہوئی تھیں، بعد ازاں فیروز خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا۔

فیروز خان نے اور ماہر نفسیات ڈاکٹر زینب نے جون 2024 میں شادی کی تھی۔

اس سے قبل فیروز خان کی پہلی شادی 2018 میں علیزے سلطان سے ہوئی تھی، جس سے ان کے دو بچے بھی ہیں، تاہم 2022 میں یہ شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور علیزے نے فیروز خان پر گھریلو تشدد کے الزامات عائد کیے تھے۔