پیرس: لوئر میوزیم میں چوری کے الزام میں گرفتار ملزمان میں میاں بیوی بھی شامل
پیرس کے اعلیٰ سرکاری استغاثہ کے مطابق لوور میوزیم میں ہونے والی چوری کے پیچھے ممکنہ طور پر کسی منظم مافیا کے بجائے عام جرائم پیشہ افراد کا ہاتھ ہے، اتوار کو پراسیکیوٹر لور بیکو نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں میاں بیوی بھی شامل ہیں جن کے بچے بھی ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ 4 افراد پر مشتمل ایک گروہ نے دن کے وقت دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے عجائب گھر، لوور، پر حملہ کیا اور محض 7 منٹ میں تقریباً 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کے قیمتی زیورات چرا کر اسکوٹروں پر فرار ہوگئے۔
چوروں نے عجائب گھر کے اپالو گیلری کے نیچے ایک ٹرک کھڑا کیا، جس پر ایک خودکار سیڑھی لگی ہوئی تھی، وہ سیڑھی کے ذریعے اوپر چڑھے، کھڑکی توڑی اور اینگل گرائنڈر کی مدد سے شیشے کے ان کیسوں کو کاٹ کر کھولا جن میں فرانسیسی شاہی زیورات رکھے گئے تھے۔
دو مشتبہ افراد، جن پر شبہ ہے کہ وہی گیلری کے اندر داخل ہوئے تھے جب کہ ان کے دو ساتھی باہر موجود تھے، کو گرفتار کر کے فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے اور انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹرز نے ہفتے کے روز بتایا کہ مزید دو ملزمان، ایک مرد اور ایک عورت، پر بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں اور وہ بھی حراست میں ہیں، اب تک چوری شدہ زیورات برآمد نہیں ہو سکے۔
اتوار کو پیرس کی پراسیکیوٹر لور بیکو نے بتایا کہ یہ تمام ملزمان پیرس کے شمالی مضافاتی علاقوں میں رہائش پذیر تھے اور غالباً چھوٹے درجے کے جرائم پیشہ افراد ہیں، کسی منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے ان کا تعلق نہیں۔
انہوں نے فرانسیسی ریڈیو ’فرانس انفو‘ سے گفتگو میں کہا کہ ان کے پروفائل ’منظم جرائم کے بڑے گروہوں سے مطابقت نہیں رکھتے‘۔ بیکو نے مزید بتایا کہ ایک اور مشتبہ شخص اب بھی مفرور ہے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ہفتے کو گرفتار کیے گئے 37 سالہ مرد اور 38 سالہ خاتون آپس میں میاں بیوی ہیں اور ان کے بچے بھی ہیں، دونوں نے کسی بھی قسم کے تعلق سے انکار کیا ہے، جب کہ مرد نے تفتیش کے دوران کوئی بیان دینے سے انکار کیا۔
بیکو نے کہا کہ تمام ملزمان ’واضح طور پر مقامی لوگ‘ ہیں، ’وہ سب تقریباً پیرس کے شمالی علاقے سین سین ڈینی میں رہتے ہیں، اور ان میں کچھ خاص تعلقات بھی ہیں، خاص طور پر اس جوڑے کے درمیان‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2 مرد ملزمان 2015 میں ایک چوری کے مقدمے میں ایک ساتھ سزا پا چکے ہیں۔
37 سالہ مرد پر منظم چوری اور مجرمانہ سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جب کہ اس کی شریکِ حیات پر منظم چوری میں معاونت اور مجرمانہ سازش کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
خاتون ہفتے کو عدالت میں پیشی کے دوران روتی رہیں اور اپنے بچوں اور اپنی حفاظت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا، جوڑے کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کا ڈی این اے چوری کے دوران استعمال ہونے والی لفٹنگ باسکٹ میں ملا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق مرد کا ’اہم‘ ڈی این اے ثبوت باسکٹ میں موجود تھا، جب کہ خاتون کے ڈی این اے کے آثار بھی ملے، تاہم ممکن ہے وہ کسی دوسرے شخص یا شے کے ذریعے وہاں منتقل ہوئے ہوں۔