برطانیہ: ٹرین حملے کے الزام میں برطانوی شہری پر قتل کی 10 کوششوں کے الزامات عائد
برطانوی پولیس نے ٹرین پر حملے کے الزام میں برطانوی شہری پر قتل کرنے کی 10 کوششوں کے الزامات عائد کر دیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نےبتایا کہ ایک شخص پر لندن جانے والی ٹرین پر بڑے پیمانے پر چاقو حملے کے بعد 10 مختلف افراد کو قتل کرنے کی کوششوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
وسطی انگلینڈ کے شہر پیٹربرو سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ اینتھونی ولیمز پر ہفتے کی شام پیش آنے والے واقعے کے سلسلے میں جسمانی نقصان پہنچانے اور چاقو رکھنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ایک بیان کے مطابق اسی دن لندن میں پیش آنے والے ایک علیحدہ واقعے میں بھی اینتھونی ولیمز پر قتل کی ایک اور کوشش اور چاقو رکھنے کے الزامات لگائے گئے۔
کاؤن کراؤن پراسیکیوشن سروس کی ٹریسی ایسٹن نے کہا کہ اس تحقیقات میں بہت زیادہ شواہد بشمول سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا، ہم جانتے ہیں کہ ہفتے کو ٹرین پر پیش آنے والے واقعات نے کتنا تباہ کن اثر ڈالا ہے اور اس واقعے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، ہماری ہمدردیاں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔
اینتھونی ولیمز پیٹربرو کی عدالت میں پیش ہوگا۔