بھارتی اداکار دھرمیندر کے انتقال کی افواہیں، بیٹی ایشا دیول کا ردعمل آگیا
بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے انتقال کی افواہیں پھیلنے کے بعد ان کی بیٹی اور اداکارہ ایشا دیول نے فوری طور پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد زندہ ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق دھرمیندر طبیعت ناساز ہونے کے باعث مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اداکار کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اور مقبول اداکاروں میں ہوتا ہے، اسی لیے ان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد ان کی صحت کے حوالے سے فکرمند دکھائی دیتی ہے۔
بھارتی میڈیا میں ان کی صحت سے متعلق مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں، جن میں بعض نے ان کے انتقال کی افواہیں بھی پھیلائیں، تاہم ان کی بیٹی اور اداکارہ ایشا دیول نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
ایشا دیول نے انسٹاگرام پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’میڈیا غلط خبریں پھیلا رہا ہے، ان کے والد زندہ ہیں، ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگوں سے گزارش کرتی ہیں کہ ان کی فیملی کی رازداری کا احترام کیا جائے۔
اداکار کے وینٹی لیٹر پر ہونے سے متعلق بھارتی میڈیا میں مختلف متضاد رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں، تاہم یہ بات واضح ہے کہ دھرمیندر گزشتہ ایک ہفتے سے ہسپتال میں داخل ہیں۔
ممبئی کے مقامی فوٹوگرافرز ہسپتال کے باہر ان کی حالت سے متعلق فوری معلومات حاصل کرنے کے لیے موجود ہیں، جب کہ گزشتہ رات بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان، شاہ رخ خان، گووندا اور دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول ان کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اداکار کی دوسری اہلیہ اور معروف اداکارہ ہیما مالنی نے بھی مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھرمیندر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
دھرمیندر کی ہسپتال میں داخلے کی خبر پھیلنے کے چند گھنٹوں بعد ان کے گھر کے قریب سیکیورٹی بیریئرز بھی لگا دیے گئے تاکہ عوام اور میڈیا کے رش کو قابو میں رکھا جا سکے۔
ماضی میں بھی دھرمیندر کو مختلف اوقات میں طبی مسائل کے باعث ہسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے، زائد العمری کے سبب انہیں سانس لینے میں دشواری سمیت دیگر صحت کے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔
89 سالہ دھرمیندر بولی وڈ کے ان چند لیجنڈری اداکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، ان کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول، جب کہ بیٹی ایشا دیول بھی فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔
دھرمیندر کا اصل نام دھرمیندر کیول کرشن دیول ہے، وہ 8 دسمبر 1935 کو بھارتی پنجاب کے ضلع لدھیانہ کے گاؤں نصرالی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم آبائی علاقے سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1952 میں پھگواڑہ سے میٹرک کیا اور بعد ازاں پنجاب یونیورسٹی، چندی گڑھ سے وابستہ رام گڑھیا کالج، پھگواڑہ سے مزید تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے 1960 میں فلم ’دل بھی تیرا ہم بھی تیرے‘ سے اداکاری کا آغاز کیا، 1970 اور 1980 کی دہائی میں ان کا شمار سب سے زیادہ مقبول اداکاروں میں کیا جاتا تھا۔
دھرمیندر نے دو شادیاں کیں، پہلی شادی 1954 میں صرف 19 سال کی عمر میں پرکاش کور سے کی، جب کہ دوسری شادی 1980 میں اداکارہ ہیما مالنی سے کی، اس وقت ان کی پہلی شادی برقرار تھی اور اسی وجہ سے انہیں تنازعات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
ان کی دوسری شادی کے وقت یہ افواہیں بھی سامنے آئیں کہ دھرمیندر نے اسلام قبول کر لیا تھا، تاہم 2004 میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ بدستور ہندو ہیں۔